0
Thursday 7 Jul 2011 23:02

پاکستان نے شمالی کوریا کو سنٹری فیوجز دینے کی واشنگٹن پوسٹ کی خبر کو مسترد کر دیا، پاک بھارت ورکنگ گروپ کا اجلاس 18 جولائی کو نئی دلی میں ہوگا

پاکستان نے شمالی کوریا کو سنٹری فیوجز دینے کی واشنگٹن پوسٹ کی خبر کو مسترد کر دیا، پاک بھارت ورکنگ گروپ کا اجلاس 18 جولائی کو نئی دلی میں ہوگا
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ 18 جولائی کو نئی دلی میں ہونے والے پاک بھارت ورکنگ گروپ کے اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مذاکرات کا ایجنڈا تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی مذاکرات میں حنا ربانی کھر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ رواں سال کے شروع میں پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی تھی، تاہم سٹریٹیجک مزاکرات کے اجراء کے ساتھ اب تعلقات معمول پر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے کابل کی قیادت میں مصالحتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، پاک افغان پالیسی قومی اور خطے میں امن کے مفاد کیلئے ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران افغانستان کا اہم ہمسایہ ہے اور پاکستان افغانستان اور ایران سہ فریقی فورم کا مقصد ہی علاقائی امن و سلامتی ہے۔ انہوں نے شمالی کوریا کو پاکستانی سنٹری فیوجز کی فراہمی کیلئے اس وقت کے آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت کو تین ملین ڈالرز دینے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ برطانیہ اور ایران سرکاری تھا اور اس دوران ان ممالک کے ساتھ اہم دوطرفہ اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات سرد مہری کے بعد دوبارہ ٹریک پر آ گئے ہیں۔ امریکی انتظامیہ نے باہمی تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بہتری لانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انسداد دہشت گردی اور لاء انفورسمنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس اور اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت دیگر شعبوں کے اجلاس ظاہر کرتے ہیں کہ تعلقات دوبارہ ٹریک پر آ گئے ہیں۔ ہم نے ان تعلقات میں موجود مشکلات سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ان تعلقات کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
 ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر اعتماد سازی کے اقدامات کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس اٹھارہ جوالائی کو دہلی میں ہو گا، جس میں دفتر خارجہ میں جنوبی ایشیائی امور کی ڈائریکٹر جنرل پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ باہمی تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہوا ہے۔ پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کی دونوں ممالک نے مذمت کی ہے۔ امریکی سفارت خانے میں ہم جنس پرستوں کی تقریب پر پوچھے گئے سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہم نے یہ میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاک ایران افغان سہ فریقی سربراہی اجلاس رواں برس کے آخر میں پاکستان میں ہو گا۔ 
خبر کا کوڈ : 83637
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش