0
Sunday 5 Jan 2020 04:35
امریکی دہشتگردی کیخلاف وحدت امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملہ عالم اسلام کیلئے ناقابل برداشت ہے، متحدہ علماء محاذ

برادر اسلامی ملک ایران کے غم میں شریک ہیں
ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملہ عالم اسلام کیلئے ناقابل برداشت ہے، متحدہ علماء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ و سیاسی زعماء نے عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی و دیگر کی شہادت کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکا کی کھلی دہشتگردی اور عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ مرکزی سیکریٹریٹ کراچی میں منعقدہ احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ عالم اسلام امریکی نشانے پر ہے، وہ پے درپے مسلم ممالک کو کمزور و منتشر کرکے اپنا محکوم بنانا چاہتا ہے، ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی ڈرون حملہ دہشتگردی کی بدترین مثال اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، اس سانحہ پر برادر اسلامی ملک ایران کے غم میں شریک ہیں۔ مقررین نے کہا کہ امریکا پاکستان سمیت افغانستان، عراق، شام و دیگر مسلم ممالک میں ڈرون حملے کرکے ان کی خودمختاری کو چیلنج کرکے کھلی دہشتگردی کا ارتکاب کرتا رہا ہے، اقوام متحدہ اور انصاف پسند ممالک امریکی دہشتگردی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مقررین نے کہا کہ حالیہ امریکی حملہ عالم اسلام کیلئے ناقابل برداشت ہے، امریکی دہشتگردی کے خلاف وحدت امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اجلاس سے مولانا انتظارالحق تھانوی، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، مولانا سلیم اللہ ترکی، علامہ علی کرار نقوی، مولانا محمد امین انصاری، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ سید عقیل انجم قادری، محمد شکیل قاسمی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ قرةالعین عابدی، علامہ روشن دین الرشیدی، سید سہیل عابدی، محمد اسلم خٹک ایڈوکیٹ، سید انور شاہ کشمیری، ایڈوکیٹ خرم شاہد میو، مولانا منظرالحق تھانوی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ سید آصف مصطفائی، مولانا فقیر محمد حسین سعیدی، مولانا قاری نور حسن صدیقی، حافظ گل نواز، مولانا علی المرتضیٰ و دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں عالم اسلام کی سربلندی اور مسلمانان عالم کے اتحاد و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 836617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش