0
Friday 8 Jul 2011 11:54

قیام امن میں ناکامی پر وزیراعلٰی سندھ اور رحمن ملک کو مستعفی ہو جانا چاہیے، جماعت اسلامی

قیام امن میں ناکامی پر وزیراعلٰی سندھ اور رحمن ملک کو مستعفی ہو جانا چاہیے، جماعت اسلامی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ خان شجیع، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور یونس بارائی نے کراچی میں جاری پرتشدد واقعات پر تاحال قابو پانے میں ناکامی پر غم و غصے اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام حکومت اور نااہل سیکورٹی اداروں کی وجہ سے آگ اور خون کراچی کا مقدر بن گیا ہے۔ پولیس، رینجرز اور سندھ انتظامیہ امن و امان کی بحالی میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔ حکومت سندھ دہشت گردوں کو قابو کرنے اور شہریوں کو امن و امان فراہم کرنے کے بجائے محض بیان بازی سے کام لے رہی ہے۔ وزیراعلٰی سندھ اور رحمن ملک کو امن و امان کے قیام میں بری طرح ناکامی پر فورا مستعفی ہو جانا چاہیے۔
 اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 3 دنوں میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کا صرف نوٹس لینا مضحکہ خیز ہے، وزیراعلٰی سندھ بھی زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر دہشت گردوں کے خلاف عملی کارروائی کرنے پر تیار نظر نہیں آ رہے، متاثرہ علاقوں میں خود سیکورٹی اہلکار خوف و ہراس کا شکار نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز پریس کانفرنس اور پریس ریلیز کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان اداروں کے افسران اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر پا رہے تو انہیں فوری طور پر برطرف کر دینا چاہیے۔ سابق اراکین اسمبلی جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ اورنگی، قصبہ سمیت پورے شہر میں امن کی بحالی اور دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 83662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش