0
Sunday 5 Jan 2020 14:44

کراچی میں امریکا مردہ باد ریلی، امریکی قونصلیٹ جانیوالے تمام راستے سیل

کراچی میں امریکا مردہ باد ریلی، امریکی قونصلیٹ جانیوالے تمام راستے سیل
اسلام ٹائمز۔ عراق میں امریکی ڈرون حملے میں جنرل قاسم سلیمانی اور حاج ابومہدی المہندس کی ساتھیوں سمیت المناک شہادت کیخلاف ملت تشیع پاکستان کی جانب سے آج کراچی پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ جانے والے تمام راستوں کو بند اور بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بغداد ایئرپورٹ کے قریب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضاکار عوامی فورس حشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی امریکی ڈرون حملے میں شہادت کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں بھی آج پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک امریکا مردہ باد ریلی نکالی جائے گی۔ جس کے پیش نظر ریڈزون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور امریکی قونصلیٹ جانیوالے تمام راستوں کو بند اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

ریڈ زون سمیت متعدد سڑکیں صبح 10 بجے سے بند کر دی گئیں۔ ایم ٹی خان روڈ، مائی کولاچی روڈ، ایوان صدر روڈ، ڈاکٹر ضیاءالدین احمد روڈ اور  کھجور چوک تک سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہیں۔ ٹریفک پولیس کی ہدایات کے مطابق آئی سی آئی چوک، جناح برج سے ایم ٹی خان روڈ پر جانے والے شہری ٹاور آئی آئی چندریگر روڈ کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔ مائی کولاچی سے ایم ٹی خان روڈ آنے والے شہری بوٹ بیسن سے کے پی ٹی انڈر پاس تین تلوار کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ کلفٹن سے للّی برج سے پی آئی ڈی سی اور شاہین کمپلیکس جانے والے شہری ضیاءالدین لائٹ سگنل سے دائیں جانب ہوشنگ چوک، عبداللہ ہارون روڈ، فوارہ چوک اور ایم آر کیانی روڈ کا راستہ استعمال کریں۔ شارع فیصل اور میٹروپول سے پی آئی ڈی سی جانے والے شہری دائیں جانب فوارہ چوک، ایم آر کیانی روڈ سے شاہین کمپلیکس یا بائیں جانب عبداللہ ہارون روڈ، ہوشنگ چوک کا راستہ اختیار کر کے اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹاور سے آئی آئی چندریگر روڈ کا راستہ اختیار کرکے پی آئی ڈی سی یا ایوان صدر روڈ کی طرف جانے والے ایم آر کیانی روڈ، فوارہ چوک، آواری لائٹ سگنل کا راستہ اختیار کر کے اپنی منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔ اس سے قبل محکمۂ داخلہ سندھ نے امریکا اور ایران کشیدگی کے معاملے پر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا، جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ امریکی سفارت خانے اور ایرانی سفارت خانے کی سیکیورٹی بڑھائی جائے،جبکہ صوبے میں موجود امریکی اور ایرانی شہریوں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کیا جائے، اس سلسلے میں محکمہہ داخلہ نے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور تمام کمشنرز کو اس سلسلے میں خط لکھ دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 836696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش