0
Sunday 5 Jan 2020 15:28
امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکہ ہی دیا ہے

پاک سرزمین ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، علامہ اسدی

جنرل قاسم سلیمانی نے مشرق وسطٰی میں امریکہ کو نکیل ڈالی ہوئی تھی
پاک سرزمین ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایران اور امریکہ کی موجودہ صورتحال کے باعث جہاں علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے وہیں عالمی سطح پر بھی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے بغداد ایئرپورٹ پر القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، حشد الشعبی کے کمانڈر ابومہدی المہندس سمیت دیگر8 افراد کو شہید کرکے تاریخی غلطی کی ہے جس کا خمیازہ امریکہ کو جلد بھگتنا پڑے گا، ہم اس امریکی حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کی اس غلطی نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اب مشرق وسطٰی میں صورتحال بدلنے جا رہی ہے، اس سے اسرائیل کا بھی صفایا ہوگا اور مشرق وسطٰی کے ممالک سے امریکہ کو بھی بوری بستر گول کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر رائے ناصر علی، سید سجاد نقوی، سید حسین زیدی، مولانا ملک مظہر حسین اعوان، شیخ عمران، نجم عباس خان، مولانا محمد خان مہدوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
 
علامہ اسدی کا کہنا تھاکہ وطن عزیز پاکستان میں حکومت کی جانب سے کمزور خارجہ پالیسی اور اس عالمی دہشتگردی پر خاموشی نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، امریکہ وزیر خارجہ کے مطالبات پر عسکری حکام کے دو ٹوک موقف نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، پاکستان کے سیاسی حکمران ہمیشہ ملکی مفادات سے زیادہ امریکی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دیتے آئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود کوئی آزاد خارجہ پالیسی کو نہیں اپنا سکے، افغانستان جیسے کمزور ملک نے بھی اس جارحیت کی مذمت  کی، لیکن ہمارے وزیراعظم اور وزیر خارجہ اپنے آقاؤں کے سامنے بےبس دکھائی دیئے اور پاکستانی غیور قوم کی توہین کی، جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے اپنی خواہش کے مطابق شہادت کا درجہ پا لیا ہے۔ ان  کی شہادت نے نہ صرف ایران اور عراق کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے بلکہ قاسم سلیمانی کی شہادت نے پوری امت کو متحد کر دیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ امت جان گئی ہے کہ ہمارا دشمن مشترک ہے، دشمن شیعہ دیکھتا ہے نہ سنی، قاسم سلیمانی کے لہو سے امریکہ کے ہاتھ رنگین ہیں، اب امت مسلمہ جان چکی ہے کہ امریکہ کی دشمنی ایران سے نہیں بلکہ اسلام سے ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کو اسلام دشمنی کا سبق سکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بات عیاں ہے کہ پاکستان امریکہ و اسرائیل کا نشانہ ہے، سی پیک کے معاملے سے بھی امریکہ پریشان ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ایران کیساتھ پاکستان کو بھی اپنا ہدف بنائے ہوئے ہیں، بھارت کی طرف سے پاکستان پر جنگ  مسلط کرنے کی تیاریاں کئی روز سے ہم دیکھ رہے ہیں، جبکہ منظر ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ انڈیا سے پاکستان پر حملہ کروایا جائے گا اور ایران پر امریکہ کی جانب سے جارحیت کی باتیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم حکومت وقت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ ایران کیخلاف پاکستان کی سرزمین استعمال نہ ہونے دے، اگر کوئی ایسا فیصلہ کیا گیا تو ملت پاکستان اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کھل کر ایران کی حمایت کرنی چاہیئے، جنرل قاسم سلیمانی نے  مشرق وسطٰی میں امریکہ کو نکیل ڈالی ہوئی تھی اور اس کے ناپاک عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے، مگر امریکہ یاد رکھے کہ اس نے صرف ایک قاسم سلیمانی کو شہید کیا ہے، دنیا کے ہر ملک میں ہزاروں قاسم سلیمانی موجود ہیں، جو امریکہ کے ناپاک عزائم کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطٰی کی  موجودہ صورتحال میں پاکستان کو دوٹوک موقف اپنانا چاہیئے اور بزدل امریکہ کی بجائے بہادر ایران کا ساتھ دینا چاہیئے، ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے کبھی ہماری مدد نہیں کی بلکہ ہمیشہ ہمیں دھوکہ دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 836703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش