0
Friday 8 Jul 2011 11:13

صحافی سلیم شہزاد کو پاکستانی حکومت کی منظوری سے قتل کیا گیا،امریکا کا الزام، مائیک مولن کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستان

صحافی سلیم شہزاد کو پاکستانی حکومت کی منظوری سے قتل کیا گیا،امریکا کا الزام، مائیک مولن کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستان
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین ایڈمرل مائیک مولن نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی صحافی سلیم شہزاد کو حکومتی ایماء پر قتل کیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے صحافی سلیم شہزاد کے قتل کی منظوری دی، صحافی کو گزشتہ ماہ قتل کیا گیا۔ یہ فیصلہ اعلٰی سطح پر کیا گیا تھا۔ تاہم،انہوں نے اپنے بیان میں صحافی کے قتل کی ذمہ داری ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر عائد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ مار پیٹ کرنا اور صحافیوں کے خلاف اقدامات سے حکومت آگے نہیں جا سکتی۔ یہ اقدام غلط سمت میں آگے بڑھنے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ سلیم شہزاد کے قتل کا الزام پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی پر عائد کیا جاتا رہا ہے، لیکن آئی ایس آئی نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ان کی ہلاکت کے چند ہی ہفتوں بعد ایک اور صحافی کو پولیس کی وردی میں ملبوس افراد کی جانب سے تشدد کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ ایڈمرل مائیک مولن پہلے سینئر امریکی عہدیدار ہیں جنہوں نے سلیم شہزاد کے قتل کا الزام پاکستانی حکومت پر عائد کیا ہے۔
 دریں اثناء ایڈمرل مائیک مولن کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ اگر مائیک مولن سے منسوب یہ بیان درست ہے تو یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان ہے اور اس سے معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں مدد نہیں مل سکتی۔ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں پہلے ہی ایک غیر جانبدار، آزاد اور خود مختار کمیشن تشکیل دیدیا ہے جس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ کمیشن کے سامنے لا کر پیش کرے۔ ترجمان نے کہا کہ لگتا ہے کہ کچھ طاقتیں اس معاملے کو پاکستان اور اس کی جمہوری حکومت کے خلاف استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ اس بارے میں ا فسوس کا اظہار کرنے کے سوا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 83679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش