0
Friday 8 Jul 2011 11:28

کراچی،مجرموں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا فیصلہ، دہشت گردوں اور ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کو فوری گولی مارنے کا حکم

کراچی،مجرموں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا فیصلہ، دہشت گردوں اور ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کو فوری گولی مارنے کا حکم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی میں تخریب کاری اور دہشت گردی میں ملوث افراد اور ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کو فوری گولی مارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے شہر کے تمام علاقوں میں گشت کو بڑھایا جائے گا جبکہ مجرموں، تخریب کاروں اور دہشتگردوں کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں اگر ہڑتال کے سلسلے میں زبردستی کاروبار بند کرایا گیا تو ایسے افراد کے خلاف موثر اور فوری کارروائی کی جائے گی۔ 
صدر آصف علی زرداری کی ہدایت کے تحت وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس سندھ واجد علی درانی، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ بریگیڈیئر ظفر اقبال، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد، سی سی پی او کراچی سعود مرزا، کراچی کے ڈی آئی جی صاحبان و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کراچی میں امن و امان کی موجودہ حالت پر افسوس کا اظہار کیا اور پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ شرپسندوں اور عوام دشمن قوتوں کا قلع قمع کرنے کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے موٴثر اقدامات کریں۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے امن و امان کی صورتحال کے متعلق مفصل بریفنگ دی گئی۔ 
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور رینجرز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تخریب کاروں اور عوام دشمن عناصر کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے، پُرامن ماحول کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے مزید اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا مجرموں کے خلاف بلاتفریق و سیاسی وابستگی کے کارروائی کی جائے گی۔
 دریں اثناء وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کے سلسلے میں اہم اجلاس میں کئی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو مجرموں، تخریب کاروں اور دہشت گردوں کو موقع واردات پر گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان بھی امن و امان کی بحالی کے لئے شب و روز کام کر رہے ہیں اور نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کراچی کی عوام اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کراچی کے تحفظ کیلئے آگے آئیں، انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور صرف حکومت کے ذمہ داری کی بات نہ کی جائے۔ انہوں نے تمام شہریوں اور رہنماؤں پر زور دیا کہ مجرموں کے خاتمے، مجرمانہ سرگرمیوں کی بیخ کنی کیلئے مکمل تعاون کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 83680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش