0
Monday 6 Jan 2020 17:42
پاکستان نے ٹاسک فورس تشکیل دے دی

دنیا مشرق وسطی میں نئی جنگ کے لیے تیار رہے، وزیر خارجہ

دنیا مشرق وسطی میں نئی جنگ کے لیے تیار رہے، وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش  نظر پاکستان نے وزارت خارجہ کے چار ڈی جیز اور دو ایڈیشنل سیکریٹریز پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ امن و خوشحالی سے محروم رہا، حالات نے نئی کشیدگی کو جنم دیا ہے، 31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، امریکا اس واقعے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، امریکا کی نظر میں جنرل قاسم سلیمانی اس کا ماسٹر مائنڈ ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماہرین اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکت سے زیادہ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہیں، ایران نے ہنگامی سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جب کہ عراق میں بھی اس واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ عراق میں قاسم سلیمانی کے جنازے سے ردعمل کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جب کہ عراقی پارلیمنٹ نے تمام غیر ملکی فوجیوں کے لیے ملک چھوڑنے کی قرارداد پاس کی۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 3 تاریخ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ایرانی وزیر خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور متحدہ عرب امارات سمیت ترکی اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ سے بھی تفصیل سے گفتگو کی جب کہ یورپی اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کریں گے۔ وزیرخارجہ نے پالیسی بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے جو کبھی بھی کروٹ لے سکتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر برملا انتقام کا اظہار کر چکے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای اپنی قوم سے بدلے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران میں غم و غصے کی کیفیت فطری ہے جب کہ مقتدی الصدر نے اپنی فورسز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کہتے ہیں مشرق وسطی کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔
خبر کا کوڈ : 836882
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش