QR CodeQR Code

پشاور میں سوزوکی ڈرائیور کو قتل کردیا گیا، 3 ملزم گرفتار

6 Jan 2020 23:18

تھانہ متنی پولیس کو 30 دسمبر کو اطلاع ملی تھی کہ ایک لڑکے کی لاش ملی ہے جس پر مقامی پولیس نے لاش کو تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔


اسلام ٹائمز۔ کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقہ متنی میں سوزوکی ڈرائیور کو غیرت کے نام پر بیدردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ تھانہ متنی پولیس کو 30 دسمبر کو اطلاع ملی تھی کہ ایک لڑکے کی لاش ملی ہے جس پر مقامی پولیس نے لاش کو تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے نوجوان کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد کی سربراہی میں ڈی ایس پی صدر سرکل توحید اللہ اور ایس ایچ او تھانہ متنی تحسین اللہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مقتول کی شناخت سمیت قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔ پولیس ٹیم نے لاش کی شناخت کے لئے ڈی این اے سمیت سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیا۔

جس کے دوران مقتول کی شناخت جان محمد ولد یار محمد سکنہ پھندو پایان کے نام سے ہوئی جس پر پولیس نے اس کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والوں سمیت متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو بھی شامل تفتیش کیا۔ تفتیش کے دوران نوجوان سوزوکی ڈرائیور کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم عرفان ولد نصر اللہ سکنہ پھندو پایاں کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران سوزوکی ڈرائیور کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے شریک ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے جنہیں بھی گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے سوزوکی گاڑی سمیت آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 836929

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/836929/پشاور-میں-سوزوکی-ڈرائیور-کو-قتل-کردیا-گیا-3-ملزم-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org