0
Monday 6 Jan 2020 23:30

وزیراعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، خرم شیر زمان

وزیراعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیمیں عوام سے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے، وزیراعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے شہر کے بلدیاتی مسائل حل کریں گے۔ میڈیا سیل انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی اور خصوصاً ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے حکومت سندھ اور واٹر بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے پانی سے محروم ہیں، شہر میں ٹینکر مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے، ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقوں میں آر او پلانٹس لگوا رہے ہیں، پانی کی قلت اس وقت شہر کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، 12 سالہ دور حکمرانی میں سندھ حکومت نے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو 150 ملین گیلن پانی کم فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بتانے سے قاصر ہے، حکومت سندھ کے پاس کوئی ایک ادارہ درست طریقے سے چلانے کی صلاحیت نہیں، کراچی کے شہری سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات روز عوام سے نئے دعوے اور وعدے کرتے ہیں لیکن ان وعدوں کی تکمیل کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے، سندھ حکومت 12 سال سے عوام کو بے وقوف بنارہی ہے، کراچی کے مسائل صرف تحریک انصاف حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی پہیہ چلانے والے شہر کو پیپلز پارٹی نے کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے، بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوکر شہر کی رونقیں پھر سے بحال کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 836933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش