0
Tuesday 7 Jan 2020 18:37

آئی ایس او پاکستان کا 10 جنوری یوم مردہ باد امریکہ منانے کا اعلان

آئی ایس او پاکستان کا 10 جنوری یوم مردہ باد امریکہ منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین  نے  لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شہید قاسم سلیمانی کے قتل کو بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اس دل خراش سانحہ پر رنجیدہ ہے، عالمی سامراج امریکہ نے بزدلانہ اور دہشت گردانہ کارروائی سے عالمِ اسلام پر حملہ کرکے مشرق وسطی ٰمیں اپنی پسپائی کو چھپانے کی مذموم کوشش کی ہے، اسلام کے عظیم مجاہد نے شام میں اسلام کے حقیقی چہرہ کو مسخ کرنیوالی قوتوں بالخصوص داعش جیسے فتنہ کو نیست و نابود کیا جس کے نتیجے میں امریکہ نے قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کو شہید کر دیا۔ عارف حسین نے مزید کہا کہ قاسم سلیمانی کسی ایک ملک کے نہیں بلکہ عالمی مقاومت کے سپہ سالار اور عالم اسلام کی تمام نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ تھے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں مڈل ایسٹ میں گریٹر اسرائیل کے منحوس نقشہ میں رنگ بھرنے میں کوشاں تھیں جس کو شہید قاسم سلیمانی نے بہترین حکمت عملی سے چکنا چور کیا۔

عارف حسین کا کہنا تھا کہ امریکہ کے حالیہ انتہا پسندانہ واقعہ یہ ثابت ہوگیا ہے امریکہ عالمی استعمار کسی ملک کا وفادار یا دوست نہیں ہو سکتا، اس لئے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں استحکام کے نام پر افغانستان اور عراق میں فتنہ گری کرنیوالے شیطان بزرگ کی دوستی سے گریز کریں اور ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت قومی وقار اور قومی غیرت کا سودا ہرگز نہ کرے بلکہ عالمی استعمار امریکہ سے اپنا تعلق مکمل طور پہ ختم کر دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرزمین پاکستان کو امریکی مفاد کیلئے کسی صورت استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کا ہر باضمیر شخص شہید قاسم سلیمانی کے خون کا بدلہ لے گا۔ مرکزی صدر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جمعہ 10 جنوری کو ملک بھر کے اہم مقامات پر آئی ایس او پاکستان کے کارکنان شہید قاسم سلیمانی سے تجدید عہد اور امریکی جارحیت کیخلاف یوم مردہ باد امریکہ منائیں گے، جس کے تحت ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 836961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش