0
Tuesday 7 Jan 2020 10:01

مودی حکومت کے اقدامات کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں، ظہیر جنجوعہ

مودی حکومت کے اقدامات کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں، ظہیر جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کی مودی حکومت پے در پے ایسے اقدام کر رہی ہے جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ مودی حکومت پاکستان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ اپنے شہریوں کے لئے بھی خطر ے کا سبب ہے۔ سفارت خانہ پاکستان برسلز میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر پاکستان یورپین یونین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ہمیں دوسروں کی معاشی مجبوریوں کا اندازہ ہے لیکن یہ پیش نظر رکھنا بھی ضروری ہے کہ حقیقی امن مسائل اور تنازعات کو حل کئے بغیر دیرپا نہیں ہوتا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈیڑھ سو دن کے کرفیو کے علاوہ بھارت اپنے لوگوں کی بنیادی انسانی آزادی کو چھین لینے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہر ایک کو کھلی دعوت ہے کہ وہ آزادکشمیر سمیت جہاں بھی جانا چاہے جائے، اسے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

ظہیر اسلم جنجوعہ کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس کے غنڈے پُرامن احتجاج کرنے والے یونیورسٹی کے طلبہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ ساری صورتحال لوگوں سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ اسی لئے پارلیمانی یا سیاسی سطح پر جو بھی خطے میں پاکستان کے کردار پر سوال اٹھاتا ہے، میں اسے پورے خلوص سے پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے درخواست کرتا ہوں کہ وہ یہی درخواست مقبوضہ کشمیر جانے کیلئے بھی کرکے دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے بعد بھارت کو مسائل ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے مذہبی رواداری میں اضافے کے جواب میں وہ اپنی اندرونی ہم آہنگی پر حملہ آور ہوتے ہوئے ہندوتوا کا نفاذ کر رہا ہے۔ جس سے توجہ ہٹانے کے لئے وہ سرحدوں پر سپر سانک میزائل نصب کرکے پاکستان سے کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے۔

ظہیر اسلم جنجوعہ نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستانی قیادت کے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کسی صورت بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے دنیا کو یاد دلایا کہ 5 جنوری کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی یاد دہانی کا دن بھی ہے جو ان سے اقوام عالم نے کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 836967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش