0
Tuesday 7 Jan 2020 23:33

اعلیٰ تعلیم و تہذیب یافتہ مہاجروں کو مایوس کیا جا رہا ہے، سلیم حیدر

اعلیٰ تعلیم و تہذیب یافتہ مہاجروں کو مایوس کیا جا رہا ہے، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے مہاجروں پر سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے پر غیراعلانیہ پابندی ہے، جس کے باعث انہیں مہنگی فیسیں دے کر نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے اور اس پر بھی ظلم یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود مہاجروں کو صوبائی حکومت نے ملازمتوں سے بھی محروم کیا ہوا ہے، جس سے مہاجر نوجوانوں میں احساس محرومی پھیل رہی ہے، جسے فوری طورپر حل نہ کیا گیا تو پھر اس کے منفی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے پہلے کوٹہ سسٹم نافذ کرکے سندھ کے شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے مہاجروں کو تعلیم سے دور کیا اور اس کے بعد سے یہ سلسلہ جاری ہے۔  انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم و تہذیب یافتہ مہاجروں کو ایک منصوبے کے تحت مایوسی اور بددلی میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن مہاجروں نے ملک کو خوشحال بنانے کیلئے اپنی زندگیاں گنوا دیں، اُن کی اولادوں کو بھی سن کوٹہ پر ملازمتیں نہیں دی جا رہی ہیں اور ان کی بجائے اندرون سندھ سے کم تعلیم یافتہ لوگوں کو لاکر ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے برسوں پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت میں رہ کر کام کیا، لیکن اس کے باوجود وہ بھی آج سراپا احتجاج ہیں۔
خبر کا کوڈ : 837154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش