0
Wednesday 8 Jan 2020 20:32

امریکی جارحیت نے پوری دنیا کو اضطراب میں ڈال دیا ہے، سنی تحریک

امریکی جارحیت نے پوری دنیا کو اضطراب میں ڈال دیا ہے، سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے جنرل سیکرٹری پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ امریکہ، ایران کشیدگی دنیا کیلئے خطرناک ثابت ہوگی، طاقت کا استعمال مزید بگاڑ پیدا کرے گا، تیسری عالمی جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ ہوش کے ناخن لیں امریکی حکام جنگی جنون کا شکار ہونے کی بجائے امن کوششوں کو فروغ دیں۔ امریکی حکام گزشتہ انیس سال سے افغانستان اور عراق میں جاری جنگ پر بد ترین امریکی ناکامیوں کا انتقام نہتے دیگر ممالک سے لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جارحیت نے پوری دنیا کو اضطراب میں ڈال دیا ہے، امریکی حکمرانوں کو اپنی روش اور دنیا میں حکمرانی کرنے کی خواہش تبدیل کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار سنی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری زاہد حبیب قادری نے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں امریکہ اور ایران کی حالیہ کشیدگی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی خاموشی تباہی لا رہی ہے، امریکہ اپنی دہشت کا بازار بند کرے، مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کیا جائے، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دیگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی اپنے ہی اداروں کا تقدس پامال کر رہی ہیں۔ طاقتوں کا توازن برقرار رکھنا اور احترام انسانیت ہر کسی پر لازمی قرار دیا جانا چاہئے۔ دنیا بھر کو امن کا گہوارہ بنانا دنیا کے تمام ممالک اور ان کے سربراہان کی اہم ذمہ داری ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ ایرانی حملوں کے بعد اپنی محض خفت مٹانے کی غرض سے ضد اور نہ مانوں کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ اپنی دہشتگردی کو ''سب ٹھیک ہے'' کا نام دے کر عالمی امن کو خطرات میں جھونک رہے ہیں، فریقین مفاہمت اختیار کریں۔ کوئٹہ میکانگی میں ہونیوالے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جان بحق اور زخمی ہونے والوں کیلئے دعا گو ہیں۔

سنی تحریک کی جانب سے جلتا کشمیر بچاؤ ٹرین مارچ انتہائی کامیاب رہا کارکنان کو مبارکباد اور ریلوے حکام کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ جنرل سیکرٹری پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ کشمیریوں کے حق میں سنی تحریک احتجاجی مہم جاری رکھے گی۔ بھارتی درندگی اور بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں بے نقاب کریں گے۔ امریکہ اور بھارتی رویوں سے دنیا کا امن تباہ ہو رہا ہے۔ زاہد قادری نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات سے پاکستان کے حکمرانوں اور تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کو ایک پیج پر متحد ہونا ہوگا۔ عالمی تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے پاکستان کو الگ نہیں رکھا جا سکتا۔ خطے کی سلامتی اور عالمی امن کیلئے سب کو کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، ایران، بھارت سمیت دنیا میں کوئی بھی ملک دنیا کی تباہی کا متحمل نہیں ہو سکتا، امریکہ اور ایران کو غیر مشروط جنگ بندی کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 837323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش