0
Thursday 9 Jan 2020 01:32

سندھ حکومت ایوان میں حزب اختلاف کی آواز دبانے کیلئے آمرانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے، متحدہ اپوزیشن

سندھ حکومت ایوان میں حزب اختلاف کی آواز دبانے کیلئے آمرانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے، متحدہ اپوزیشن
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے سندھ حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ایوان میں حزب اختلاف کی آواز دبانے کے لئے آمرانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے، وہ آئین کو بھی کوئی اہمیت دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے اپنے احتجاجی واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے سندھ حکومت کی جانب سے ایوان سے مختلف قوانین کی بڑی عجلت میں منظوری اور اپوزیشن کو بولنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر سخت تنقیدکی۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ آج ہمیں ایوان میں تحریک التوا لانے سے روکا گیا، اسی طرح توجہ دلاؤ نوٹسوں پر بھی ہمارا جمہوری حق سلب کیا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے قواعد کے مطابق کوئی بھی بل منظوری کے لئے پیش ہوگا تو اس میں وقفہ دیاجانا ضروری ہے تاکہ اس میں اگر رکن کوئی کوئی ترمیم لانا چاہے تو اسے موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو ایوان میں تین بل آئے اور تینوں کو آج ہی منظور کرلیا گیا۔ محمد حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جو بل پیش کیا اس پراپوزیشن بات کرنا چاہتی تھی لیکن اپوزیشن کو بات نہیں کرنے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بہت بڑی چیمپئن سمجھتی ہے لیکن ایوان میں آئین کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے۔

جی ڈی اے کی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز دبانا اسمبلی کی توہین ہے، حکومتی رویہ کے خلاف آج تمام اپوزیشن نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے اجلاس پر لاکھوں روپے روزانہ کے اخراجات صرف اپنے سیاسی مفادات کے لئے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک کو بتانا چاہتے ہیں کہ پچھلی مرتبہ صرف فریال ٹالپور کو پروڈکشن آرڈر دینے کے لئے پانچ ماہ اجلاس جاری رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نوٹس لیں وہ جمہوریت کے بڑے چیمپیئن بنتے ہیں۔ ایم ایم کے سید عبدالرشید نے کہا کہ محتسب کے قانون پر اپوزیشن کو بولنے نہیں دیا گیا، اسپیکر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور اپنا رویہ درست کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون پر عمل نہیں کررہی ہے، اپوزیشن تنقید کرتی ہے حکومت برداشت کرے۔
خبر کا کوڈ : 837372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش