0
Friday 8 Jul 2011 21:02

مولن کا بیان،امریکا سے تعلقات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، فردوس عاشق

مولن کا بیان،امریکا سے تعلقات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، فردوس عاشق
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مائیک مولن کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پاک امریکا تعلقات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، کراچی کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے ساتھ ڈیڈلاک پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ پیمرا ہیڈ کوارٹر اسلام اباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے وزیر داخلہ رحمان ملک اور سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے رکھیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سلیم شہزاد قتل کیس سے متعلق مائیک مولن کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک ہے۔ اس طرح کے بیانات سے دوطرفہ تعلقات مشکلات کا شکار ہوں گے۔
عوامی حکومت مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اوریہ ایم کیوایم کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کبھی بندنہیں کرے گی۔ جمہوری کلچر میں اختلافات کو حل کرنے کا بہترین طریقہ مذاکرات ہیں اور حکومت مفاہمت کے لئے اپنی تمام ترکوششیں جاری رکھے گی کیونکہ تعطل ملک کے مفادمیں نہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی سوچ کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں میں بھرپور تعاون اور ساتھ دے تاکہ اس عفریت سے عوام کو نجات مل سکے۔ وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کی ایک ہی منزل اور مقصد عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کا حل ہے تاہم دونوں اپنے اپنے انداز میں اس مقصد کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 83748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش