0
Thursday 9 Jan 2020 21:33

امریکی دہشتگردی کیخلاف جمعہ کے روز گلگت بلتستان میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، شیعہ علماء کونسل

امریکی دہشتگردی کیخلاف جمعہ کے روز گلگت بلتستان میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، شیعہ علماء کونسل
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے قائد ملت جعفریہ اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر 10 جنوری بروز جمعہ گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں امریکہ کی کھلی دہشت گردی کے خلاف بعد از نماز جمعہ ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، جس میں عالم اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے امریکی اقدامات، مسلم ممالک کے درمیان رخنہ اندازی، خود مختار مسلم ممالک کی داخلی سلامتی کو چیلنج کرنے، عالم اسلام کے ہیرو قاسم سلیمانی اور ابو مھدی کو کھلی دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے خلاف بھرپور پر امن احتجاج کیا جائے گا۔

ایس یو سی کے صوبائی سکرٹیریٹ سے جاری بیان میں تمام مکاتب فکر کے حریت پسندوں کو اس احتجاج میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جاسکے کیونکہ عالمی استعمار اپنی تاریخی خفت کو مٹانے کیلئے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے درپے ہے، جس کو اتحاد امت سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی دانشوروں نے موجودہ دورکو غلبہ اسلام کا دور قرار دیا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سب سے پہلے اسلامی مکاتب فکر کے مابین عملی اتحاد کا قیام ناگزیر ہے جس کیلئے ملکی سطح پر ملی یکجہتی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں تمام مسالک کی بھرپور نمائندگی موجود ہے، جسے عوامی سطح پر توسیع دینے کی ضرورت ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس وقت عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ مسلم ممالک کی داخلی خود مختاری کا احترام ہے جسے عالمی دہشت گرد امریکہ سے خطرات لاحق ہیں اور پوری دنیا کے اسلامی مفکرین اور راہنما خونخوار امریکہ کو عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیں اور یہ وقت ہے کہ عالم اسلام امریکہ کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف متحد ہوں اور امریکیوں کو مسلم ممالک کی سرزمین سے نکلنے پر مجبور کریں کیونکہ عالمی دہشت گرد امریکہ کو اپنے مفادات عزیز ہیں، جس کیلئے وہ نہایت پست ذہنیت کا مظاہرہ بھی کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا ہے، جیسے کہ گذشتہ دنوں بغداد ائیرپورٹ پر اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مصروف عمل قاسم سلیمانی اور ابو مھدی کو کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزائل حملہ کا نشانہ بنا کر اپنی خونخواری کا ثبوت دیا ہے جس کی بھرپور مذمت امریکی ایوان میں بھی سنی گئی ہے جبکہ مظلوم کی حمایت اور ظالم سے نفرت اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 837506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش