0
Thursday 9 Jan 2020 20:30

کراچی، نیول چیف کا مشق سی گارڈینز 2020ء کے دوران چینی بحری جہاز کا دورہ

کراچی، نیول چیف کا مشق سی گارڈینز 2020ء کے دوران چینی بحری جہاز کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نیوی اور چینی بحریہ کے مابین منعقد ہونے والی چھٹی دو طرفہ مشق سی گارڈینز 2020ء کے چوتھے روز پاکستانی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی میں چینی بحریہ کے جہاز ین چواں کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چھٹی مشق سی گارڈینز 2020ء میں پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے بحری اثاثے اور میرین فورسز حصہ لے رہی ہیں۔ چینی بحریہ کے جہاز ین چواں آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے ان کا استقبال کیا اور بعد ازیں انہیں جہاز پر ایک بریفنگ بھی دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن سے ملاقات میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ ملاقات کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ مشق سی گارڈینز نہ صرف دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی مظہر ہے، بلکہ یہ مشق ہمارے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے کر جائے کی، اس مشق کے انعقاد کا مقصد میری ٹائم خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور خطے کے امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کے عزم کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے امید ظاہر کی کہ ایسی مشقوں کا باقاعدگی سے انعقاد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث ہو گا۔ بعد ازاں پاکستانی نیول چیف نے چینی بحری جہاز کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قابلیت کو سراہا۔ وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے چینی بحری جہاز پر آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ مشترکہ بحری مشق سی گارڈینز پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین منعقد کی جاتی ہے، حالیہ مشق اس سلسلے کی چھٹی کڑی ہے، جس میں بحری جہازوں، فضائی اثاثوں اور میرین فورسز کو استعمال کرتے ہوئے وسیع میری ٹائم اور نیول آپریشنز کا احاطہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 837532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش