0
Thursday 9 Jan 2020 21:59
امریکہ عالمی دہشتگرد اور خطے کے امن کا دشمن ہے

امریکہ کا وجود عالم اسلام کیلئے شدید خطرہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ایران نے دنیا کے باوقار مسلمانوں کی خواہشات کی ترجمانی کی ہے
امریکہ کا وجود عالم اسلام کیلئے شدید خطرہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی غنڈہ گردی کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ امریکہ عالمی دہشت گرد اور خطے کے امن کا کھلا دشمن ہے۔ اس کا وجود عالم اسلام کے لیے شدید خطرہ ہے۔ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کو سرکاری دورے کے دوران نشانہ بنا کر امریکہ نے اپنے عزائم واضح کر دیئے ہیں کہ نہ کوئی عالمی قانون اور نہ ہی کوئی اخلاقی و سفارتی آداب اس کے راہ کی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا کر ایران نے دنیا کے باوقار مسلمانوں کی خواہشات کی ترجمانی کی ہے۔ آج ہر طرف یہ گونج سنائی دی جا رہی ہے کہ عالمی دہشت گرد امریکہ کے خلاف جو ردعمل اکتالیس ممالک پر مشتمل اسلامک ملٹری الائنس نہیں دکھا سکا، وہ کام عالمی اقتصادی پابندیوں میں جھکڑے ہوئے ایک تنہا ملک ایران نے کر دکھایا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ پر یہ حقیقت آشکار ہوچکی ہے کہ امریکہ مختلف حیلوں بہانوں سے ایک ایک کر مسلمان ملکوں کو تباہ کرتا جا رہا ہے۔ اسامہ کی تلاش کے نام پر افغانستان اور پھر کیمیائی ہتھیاروں کو بہانہ بنا کر عراق میں لاکھوں افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکہ اور اس کے اتحادی ہیں۔ ایران کے خلاف پر تولنے کا نتیجہ امریکہ کو اس کی سوچ سے بھی زیادہ سنگین ملا ہے۔رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے اس بیان نے امریکی صدر کی راتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں کہ یہ محض ایک تھپڑ تھا، انتقام ابھی باقی ہے۔ امریکی صدر کی بوکھلاہٹ اس کے خطاب سے عیاں تھی۔ اس کے چہرے کے تاثرات اس کے الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا مسلم ممالک سے امریکہ کی بے دخلی مسلمانوں کے استحکام اور سالمیت کے لیے بھی ضروری ہے۔ تمام اسلامی ممالک کو چاہیئے کہ وہ امریکہ سے اپنے تعلقات ہمیشہ کے لیے منقطع کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 837547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش