QR CodeQR Code

خطے میں عدم استحکام اور تناؤ کی اصلی وجہ امریکی موجودگی ہے، ایرانی وزیر دفاع

10 Jan 2020 14:32

ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ وہ ممالک جو خطے سے تناؤ کو کم کرنا اور خطے میں استحکام لانا چاہتے ہیں، اس مقصد کی خاطر خطے سے امریکی موجودگی کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے اپنے جاپانی ہم منصب کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ایک ملک کے اعلی فوجی افسر کو دوسرے ملک کیطرف سے تیسرے ملک کی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے کو ایک عظیم اور ایسا جرم قرار دیا جسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی واضح قراردادوں کی بنیاد پر یہ امریکی اقدام ریاستی دہشتگردی کی ایک واضح مثال ہے۔

ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے خطے میں عدم استحکام اور تناؤ کی بنیادی وجہ خطے میں امریکی موجودگی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تناؤ کو کم کرنے اور استحکام میں اضافے کی خاطر خطے سے قبضے پر مبنی امریکی موجودگی کو جلد از جلد ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس اور بحر عمان کے ساحل پر سب سے بڑا ملک ہونے کے ناطے خطے کے پانیوں کی حفاظت میں سب سے زیادہ فعال رہا ہے جبکہ وہ ممالک جو خطے سے تناؤ کو کم کرنا اور خطے میں استحکام لانا چاہتے ہیں، اس مقصد کی خاطر خطے سے امریکی موجودگی کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔

ایرانی وزیر دفاع کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران جاپانی وزیر دفاع تارو کونو نے کہا کہ انکا ملک خطے میں تناؤ کو ختم کرنے اور امن و امان کو بحال کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ جاپانی وزیر دفاع نے خطے میں موجود امریکی فوجی اتحاد میں اپنی عدم شرکت کی بھی یقین دہانی کروائی۔


خبر کا کوڈ: 837641

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/837641/خطے-میں-عدم-استحکام-اور-تناو-کی-اصلی-وجہ-امریکی-موجودگی-ہے-ایرانی-وزیر-دفاع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org