0
Friday 10 Jan 2020 18:01

کوشش ہے جو بھی پالیسی بنے وہ کمزور طبقے کیلئے ہو، وزیراعظم

کوشش ہے جو بھی پالیسی بنے وہ کمزور طبقے کیلئے ہو، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ہماری جو بھی پالیسی بنے وہ کمزور طبقے کیلئے ہو۔ نوشہرہ میں اضاخیل ڈرائی پورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کو منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ریلوے کی پٹڑیاں بنتی گئیں ریلوے پھیلتا گیا اور پاکستان میں جو انگریز چھوڑ کر گئے تھے سب اس سے بھی کم پٹڑیاں ہوگئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جو حکومتیں آئیں وہ امیروں کیلئے تھیں، ایک چھوٹے سے طبقے کیلئے تمام سہولتیں تھیں، اچھی نوکری صرف تھوڑے سے طبقے کیلئے، عدالتوں میں طاقتور کیلئے ایک نظام اور کمزور کیلئے دوسرا، جیلوں میں سارے غریب لوگ اور بڑے بڑے ڈاکو باہر پھرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے عام آدمی کا سفر ہے، دنیا میں ہر جگہ عام آدمی ریلوے پر سفر کرتا ہے کیونکہ عام آدمی کا مسئلہ تھا اس لئے آہستہ آہستہ ہم نے دیکھا کہ ریلوے پر پیسہ خرچ نہیں ہوا ریلوے کے حالات بگڑتے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ریلوے میں سرمایہ کاری نہیں کی اس لئے ہماری پٹڑیوں، ریلوے نظام کا برا حال ہے، ریلوے کے کتنے ایسے پُل ہیں جو اپنی مدت سے زیادہ استعمال ہورہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ایم ایل ون پاکستان ریلوے میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا جس سے کراچی سے پشاور کا سفر 8 گھنٹے ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں خسارہ کم ہوگیا اور ریلوے نے گذشتہ 5 سال کے مقابلے میں 5 ارب روپے زیادہ پیسہ کمایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کو اب پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، اب تک سرکاری اداریں نقصان کرتے رہے ہیں جن کا بوجھ عوام اُٹھاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ریلوے اور قومی ایئرلائن کو ایسا ادارہ بنایا جائے جس میں سب کو فائدہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ میں ریلوے کے مزدوروں اور انجینئرز کو کہتا ہوں کہ کرپشن کے خلاف پرائم منسٹر پورٹل پر شکایت کریں میں اس کے خلاف کارروائی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں کو کمرشل کریں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے ریلوے کا خسارہ پورا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے اور اس کیلئے ہماری سب سے بڑی کوشش ہے کہ ہماری جو بھی پالیسی بنے وہ کمزور طبقے کیلئے ہو۔ عمران خان نے کہا کہ ریلوے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے ٹکٹوں کی قیمت میں کمی کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے احساس پروگرام کے تحت ریلوے پلیٹ فارمز پر خواتین کیلئے اسٹالز قائم کئے ہیں تاکہ وہ روزگار کما سکیں۔

علاوہ ازیں سرکاری خبررساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ 28 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ڈرائی پورٹ نوشہرہ سے 8 کلو میٹر کے فاصلے پر جی ٹی روڈ پر واقع ہے اور اس ڈرائی پورٹ کو رنگ روڈ پشاورکے ساتھ سڑک تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستان ریلوے نے ایک سال میں 50 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت سے یہ منصوبہ مکمل کیا۔ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے ذریعے ملک بھر میں کراچی سے مال بردار کی نقل و حمل اور پھر اس سامان کی افغانستان تک سڑک کے راستے منتقلی ممکن ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 837685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش