0
Friday 10 Jan 2020 19:05

ملتان، شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام امریکہ مخالف احتجاجی ریلی، ٹرمپ کا پتلا نذرآتش 

ملتان، شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام امریکہ مخالف احتجاجی ریلی، ٹرمپ کا پتلا نذرآتش 
اسلام ٹائمز۔ تحریک جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں شیعہ علماء کونسل، وفاق علماء شیعہ، امامیہ آرگنائزیشن، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے صدر علامہ موسیٰ رضا جسکانی، علامہ سید علی رضا نقوی، علامہ سید کاشف ظہور نقوی، سید محمد شاہ ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ قاضی نادر حسین علوی، بشارت عباس قریشی، سلیم عباس صدیقی اور دیگر نے کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے امریکی صدر ٹرمپ کا پتلا اُٹھا رکھا تھا جسے بعد میں نذرآتش کیا گیا، مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ امریکہ کی نابودی اب بہت قریب ہے، جنرل قاسم سلیمانی انسانیت کا ہمدرد تھا، ہمیشہ مظلومین جہاں کی مدد کی، جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی مسلمانوں کی مدد کی۔ شام، عراق اور یمن میں مظلوموں کی حمایت کی، آج امریکہ پریشان ہے کیونکہ نہ صرف پوری دنیا میں بلکہ امریکہ میں بھی ہزیمت کاسامنا کرنا پڑرہا ہے، امریکی صدر کی میڈیا سے گفتگو بوکھلاہٹ کا شکار تھی۔

رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں اگر کسی شخصیت کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ جس نے سب سے پہلے اور سب سے موثر طور پر استعمار اور شیطانِ بزرگ امریکا کا چہرہ بے نقاب کیا تو وہ امام خمینی کی شخصیت ہے، جنہوں نے حریت پسندوں کو نئی راہ اور نئی سمت کی طرف رہنمائی فرمائی، شہید راہ کربلا قاسم سلیمانی اسی حریت کی تحریک کے نمایاں پھول تھے، جنہوں نے نہ صرف عالم اسلام کو بلکہ دنیا بھر کے انسانوں جن میں امریکا و یورپ کی ریاستیں شامل ہیں کو داعش کے نجس وجود سے بچایا، دنیا بھر کے میڈیا چینلز نے بھی ان کی داعش کی سرکوبی کیلئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے جہاں عالمی قوانین کی صریح اور واضح خلاف ورزی کی وہیں صرف ایران یا عراق پر حملہ نہیں عالم اسلام پر حملہ کیا ہے ہم اس قتل ناحق کو اسلام پر شب خون مارنے کے مترادف سمجھتے ہیں اور اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ اور تمام اسلامی ریاستوں بشمول او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے انسانیت کے حقیقی ترجمان بنیں، انہوں نے مزید کہا کہ نہایت افسوس ناک صورتحال ہے کہ اسلامی مفادات کے تحفظ کیلئے بنایا جانے والا فورم او آئی سی کی کارکردگی سے دنیا اسلام مکمل مایوس ہے،

رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ شاہد ہے کہ ہر سیاسی میدان میں ایران نے بحثیت ہمسایہ اسلامی ملک اس کی مدد کی، پاکستان کو سب سے پہلے آزاد ریاست تسلیم کرنے سے لیکر کشمیر ایشو سمیت انرجی کے مسائل میں بھی تعاون کرتا چلا آیا ہے، جبکہ امریکا و اسرائیل سمیت ان کے حواری دیگر تمام ممالک نے ہمیشہ پاکستان میں جبر و ظلم کی داستانیں رقم کی ہیں، پاکستانی عوام ہمیشہ ظلم و بربریت کی چکی میں پستی رہی ہیں، ہم بحثیت مسلمان، پاکستانی اور انسان ہر مظلوم کیلئے آواز اٹھانے والی قوم ہیں، ہم نے ہر دور میں ظالم کیخلاف آواز بلند کی اور مظلوم کا ساتھ دیا اور یہی درس ہم نے کربلا سے حاصل کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان جو کہ واحد اسلامی ایٹمی پاور ہے اس کو غلامانہ فکر سے آزاد ہو کر دنیائے عالم میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے، کیونکہ قومیں افراد کے مرنے سے نہیں نظریہ کے مر جانے سے ختم ہوتی ہیں، نظریہ و ایمان جتنا مضبوط ہوگا قوم اتنا زیادہ ابھر کر دنیا کے نقشے پر سامنے آئیگی۔ علامہ موسی رضا جسکانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ جمعتہ المبارک امریکی فورسز نے تمام بین الاقوامی اور انسانی حدود کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دینِ مبین اسلام کے عظیم جرنیل قاسم سلیمانی اور عراقی کمانڈر ابومہدی المہندس سمیت آٹھ افراد کو بے دردی سے اس وقت شہید کیا جب وہ ایک سرکاری دوہ پر عراق کے شہر بغداد کے ایئرپورٹ پر اتر کر گاڑی میں سوار ہو رہے تھے، امریکہ نے عراق کے سفارتی مہمان کو نشانہ بنایا جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
خبر کا کوڈ : 837696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش