0
Friday 10 Jan 2020 20:28

گلگت بلتستان بھر میں امریکہ مردہ باد ریلیاں، مظاہرے، ہزاروں افراد کی شرکت

گلگت بلتستان بھر میں امریکہ مردہ باد ریلیاں، مظاہرے، ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان بھر میں بھی امریکی دہشتگردی میں سردار مقاومت قاسم سلیمانی اور ان کےساتھیوں کی مظلومانہ شہادت پر تعزیتی اور امریکی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ، اسرائيل اور بھارت کےخلاف شدید نعرےبازی کی اور امریکی حملے کو عالمی دہشت گردی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دے کر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ بعد نماز جمعہ شیعہ علماء کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، آئی ایس او اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، گانچھے، کھرمنگ، شگر، دنیور، جوتل، نومل، بارگو شروٹ، جلال آباد سمیت متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

گلگت میں مرکزی ریلی امامیہ جامع مسجد گلگت سے بعد از نماز جمعہ مرکزی امامیہ کونسل گلگت، امامیہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام نکالی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ جامع مسجد سے نکالی جانے والی ریلی اتحاد چوک گلگت پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے کہا کہ امریکہ اور ان کی ناجائز اولادوں کو پیغام دیتے ہیں کہ تم اپنی ٹیکنالوجی سے ملت اسلامیہ کو خوفزدہ نہیں کر سکتے، ہمارے پاس ایمانی طاقت ہے، ہم شہادت کو سعادت سمجھتے ہیں۔ قاسم سلیمانی کی شہادت امت مسلمہ کے اتحاد کا باعث بنے گی، یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے کبھی دوست نہیں ہو سکتے، حکمران امریکہ کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک کے بیٹھی ہیں، گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس بلا کر امریکی جارحیت کی مذمت کرنی چاہیے تھی لیکن صوبائی حکومت اسلام آباد میں سردی سے بچنے کے لیے ڈیرے جماۓ بیٹھی ہے۔ مودی اپنی جارحیت سے باز رہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رکن اسمبلی حاجی رضوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور کفر کی جنگ ابتدا سے ہے اور تاقیامت جاری رہے گی، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور اس پر امریکی پشت پناہی میں اسرائيل قابض ہے، بیت المقدس کی آزادی تک کفر کے خلاف جنگ جاری رہے گی، عالم اسلام کے اتحاد سے صہیونی خوفزدہ ہو کر مسلمانوں کے آپس میں تفرقہ ڈالنے کی سازشوں میں مصروف ہے، عالم اسلام کو متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔

اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل شیخ مرزا علی نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دہشت گرد امریکہ و اسرائيل اور بھارت سے نفرت کا اظہار کرتے ہیں اور امریکہ کو دشمن سمجھتے ہوئے اور ان کے ناپاک عزائم کو جانتے ہوئے ساتھ دینے والے بھی ظالم ہیں۔ آج ثابت ہو گیا جدید ٹیکنالوجی اور جدید اسلحہ سے قاسم سلیمانی کا خون جیت گیا اور یہ خون عالمی دہشت گردوں کا تعاقب کر رہا ہے۔ اسلامی ممالک سے امریکہ کا انخلا شروع ہوا ہے، پوری دنیا میں اس امریکی حملے کی شدید مزمت کی گئی، امریکہ طاقت ور نہیں ہے بلکہ اللہ اکبر کا نعرہ طاقتور ہے جو امریکہ اپنی حفاظت نہیں کر سکتا وہ مشرق وسطی کے مسلم ممالک اور مسمانوں کی حفاظت کیسے کرے گا۔ مسلمانوں کو امریکہ کی دوستی پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اللہ اور رسول کے سامنے جھک کر اسلام دشمنوں کا مقابلہ کرنا چاہیے، حکمرانوں کو اللہ اور رسول کے سامنے جھکنا چاہیے نہ کہ دوسروں کےسامنے۔

جماعت اسلامی کے رہنما جہانزیب انقلابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرف مسمان پسے ہوئے نظر آ رہے ہیں، فلسطین، کشمیر، افغانستان، عراق سمیت متعدد ممالک میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے، شہادتوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہیں، اسلامی ممالک کے مابین اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے، کشمیر کو آذاد کروا کر ہندوستان کو بھی پاکستان بنائیں گے، تمام مسلم ممالک کو اتحاد و اتفاق سے دین اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما سید یعصوب الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کی نہیں بلکہ یہ حق اور باطل کی جنگ ہے، عالم اسلام اور کفر کی جنگ ہے، امریکہ کو الٰہی تھپر پڑا ہے، امریکہ ہوش میں آۓ۔ ہمارے حکمران بک گئے ہیں، لیکن عوام بکے نہیں ہیں، پاکستانی عوام اسلام کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلاٸی ہوٸی دیوارثابت ہونگے۔ 

دوسری جانب بلتستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ نماز جمعہ کے بعد مختلف مساجد سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ، اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ سکردو یادگار چوک پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ فدا ذیشان، شبیر حسین حافظی اور دیگر نے کہا کہ مسلم امہ کی نااتفاقی کی وجہ سے اسلام دشمن قوتیں مضبوط ہو رہی ہیں، جنرل سلیمانی پورے عالم اسلام کے عظیم ہیرو تھے، ان کے اوپر حملہ پوری امت پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ کے غرور کی وجہ سے اس کو جگہ جگہ پر منہ کی کھانی پڑ رہی ہے، امریکی فوجی اڈوں پر حملے کے بعد امریکہ کے ہوش ٹھکانے آگئے ہیں، پوری امت مسلمہ کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسلام دشمن قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کی ضرورت ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ جب تک امہ متحد نہیں ہوگی تب تک مسائل کا پائیدار اور باوقار حل نہیں نکل سکتا، امریکہ کی جارحیت کیخلاف پوری دنیا میں احتجاج ہو رہا ہے۔ دریں اثناء جامع مسجد گیول میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نذیر انصاری نے کہا کہ امریکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ دشمن ہے، اس کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا، مسلمان متحد نہ ہوئے تو امریکہ انہیں چن چن کر مارے گا، آج ایران کو نشانہ بنایا گیا ہے تو کل کسی اور اسلامی ملک کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، اس لیے وقت گزرنے سے قبل ہی ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ دوسری جانب کھرمنگ غندوس میں امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ روندو اور شگر میں بھی بعد نماز جمعہ امریکہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 837703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش