QR CodeQR Code

مشرق وسطی میں بھڑکتی آگ پر تیل نہیں پانی ڈالنے کی ضرورت ہے، شاہ اویس نورانی

10 Jan 2020 19:47

جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت ایران امریکہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرے، ایران امریکہ جنگ سے پاکستان شدید متاثر ہوگا، بھارتی مسلمان ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، مودی نے مسلم مخالف بل منظور کر کے بھارتی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں”نظریہ ضرورت“ پھر زندہ ہو گیا ہے۔ ”ووٹ کو عزت دو“ کی آواز دبنے نہیں دیں گے اور نہ ہی سول بالادستی کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مشرق وسطی میں بھڑکتی آگ پر تیل نہیں پانی ڈالنے کی ضرورت ہے۔ مسلم حکمران ایران امریکہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مشرق وسطی کو کسی نئی جنگ سے بچایا جائے۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت سے سیاسی قیادت کی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں میں پیدا ہونیوالی غلط فہمیوں کا ازالہ ضروری ہے۔ پاکستانی حکومت ایران امریکہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرے، ایران امریکہ جنگ سے پاکستان شدید متاثر ہوگا، بھارتی مسلمان ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، مودی نے مسلم مخالف بل منظور کر کے بھارتی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔

لاہور میں مختلف وفود سے گفتتگو کرتے ہوئے جے یو پی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے اور شہریت کے متنازعہ قانون نے بھارت کا چہرہ سیاہ کر دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ حکومت مسئلہ کشمیر پر مصلحتوں کا شکار ہو چکی ہے، حکمرانوں کو کشمیر کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔ مودی کی انتہا پسندانہ اور متعصبانہ پالیسیاں بھارت کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں غریبوں کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ بےروزگاری اور مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت نہ کرنیوالی جماعتوں نے دلیری کا ثبوت دیا ہے۔ سول بالادستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ نااہل اور ناکام حکومت زیادہ دیر چل نہیں سکتی۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں کسی وقت بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ سکتی ہیں۔ نالائق حکومت کا دھڑن تختہ ہو کر رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 837704

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/837704/مشرق-وسطی-میں-بھڑکتی-آگ-پر-تیل-نہیں-پانی-ڈالنے-کی-ضرورت-ہے-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org