QR CodeQR Code

لاڑکانہ، اصغریہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام امریکا مردہ باد ریلی نکالی گئی

11 Jan 2020 02:24

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ کے سینئر رہنما فضل حسین اصغری نے کہا کہ عالم اسلام کو امریکا اور اسرائیل کے خلاف متحد ہو کر ایران کا ساتھ دینا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان اور شیعیان حیدرکرار لاڑکانہ کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ امریکا مردباد ریلی نکالی گئی، ریلی میں بچوں، بزرگوں سمیت شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور امریکا سے بھرپور اظہارِ نفرت کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ کے سینئر رہنماء فضل حسین اصغری نے کہا کہ امریکا نے ناصرف دو اسلامی ممالک کی خودمختاری پر حملہ کیا بلکہ مسلمہ بین الاقوامی قوانین کو بھی پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس جیسے مجاہدوں کی شہادت فقط ایران و عراق کا معاملہ نہیں، بلکہ پاکستان سمیت پورے عالم اسلام سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شام و عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کی قیادت میں مجاہدین امریکی پیداوار دہشتگرد گروہ داعش کا راستہ نہ روکتے تو پاکستان بھی بے گناہوں کے مقتل کا نقشہ پیش کر رہا ہوتا۔

فضل حسین اصغری نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا دوسرا بڑا کارنامہ لبنان اور اسرائیل کی 33روزہ جنگ ہے، جس میں جنرل قاسم سلیمانی کی حکمت عملی سے صہیونی اسرائیل کو شکست فاش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی پاکستان سمیت پورے عالمِ اسلام کے ہیرو ہیں اور امریکا نے اسی بناء پر انتقام لیا، یہ دہشتگردی پورے عالم اسلام کیخلاف ہے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محسن علی نے کہا کہ اقوام متحدہ عراق میں امریکا کی دہشتگرد کارروائی کا فوری نوٹس لے، امریکا نے عراقی سرزمین پر اسلامی ایران کے جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، لہٰذا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عالمی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ عالم اسلام کو امریکا اور اسرائیل کے خلاف متحد ہو کر ایران کا ساتھ دینا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 837759

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/837759/لاڑکانہ-اصغریہ-ا-رگنائزیشن-کے-زیر-اہتمام-امریکا-مردہ-باد-ریلی-نکالی-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org