0
Saturday 11 Jan 2020 16:20
جلد دہشتگردوں کا سراغ لگا لیں گے، پولیس حکام

کوئٹہ مسجد میں دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار، مقدمہ درج

کوئٹہ مسجد میں دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار، مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کے بعد شہر میں آج فضا سوگوار ہے، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کرلیا۔ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں جمعہ کی شام ہونے والے دھماکے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں درج کرلیا گیا ہے، سی ٹی ڈی کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مدعیت میں دہشت گردی، بارودی مواد رکھنے، قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق دھماکا خودکش تھا، دھماکے میں 6 سے 8  کلو بارودی مواد بال بیرنگ استعمال کئے گئے، جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا ہے، شواہد اکھٹے کرکے فرانزک کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے، اس دھماکے کا ہدف ڈی ایس پی امان اللہ تھے یا کوئی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکا نماز مغرب کے دوران ہوا، دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی پولیس ٹریننگ کالج امان اللہ اور امام مسجد حافظ ضیاء اللہ سمیت 15 نمازی شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے، زخمی سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے واقعہ کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے واقعہ کو دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی قرار دیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقات کر رہے ہیں جلد دہشتگردوں کا سراغ لگا لیں گے۔ دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔

صدر عارف علوی نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا قوم دہشتگردوں کی ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کی اور کہا مسجد میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔ جاں بحق تمام افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں سے 4 کا تعلق پشین اور چمن سے تھا۔ دوسری جانب 8 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعداسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمی تاحال سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 837842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش