0
Saturday 11 Jan 2020 21:19

مردہ باد امریکہ ریلی، لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا

مردہ باد امریکہ ریلی، لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سٹی ٹریفک پولیس نے 12 جنوری کو پنجاب اسمبلی سے امریکی قونصلیٹ تک برآمد ہونیوالی مردہ باد امریکہ ریلی کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کے مطابق مال روڈ ریگل چوک تا آواری چوک بند ہو گا جبکہ کوپر روڈ کو قادری چوک تا فیصل چوک، ایجرٹن روڈ کو شملہ پہاڑی سے فلیٹیز ہوٹل تک، ایبٹ روڈ کو گلستان چوک سے شملہ پہاڑی چوک تک، ڈیورنڈ روڈ کو سندر داس چوک تا شملہ پہاڑی چوک اور ایمپریس روڈ کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز سے شملہ پہاڑی تک، کوئین میری کالج روڈ کو کوئین میری کالج کے مرکزی گیٹ سے شملہ پہاڑی تک جبکہ ڈیوس روڈ کو مسلم لیگ ہاوس چوک سے شملہ پہاڑی تک بند کر دیا جائے گا۔

سی ٹی او نے ریلی میں شریک ہونیوالے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریلی میں شریک ہونے کیلئے شاہراہ فاطمہ جناح (کوئنز روڈ) اور مال روڈ ریگل چوک کی جانب سے استعمال کریں۔ ریلی کے لئے ٹریفک کا متبادل روٹ پلان دیا گیا ہے جس کے مطابق کینٹ، پل نہر مال سے جی پی او چوک، انارکلی، لوئر مال جانیوالے شہری گورنر ہائوس سے چائنہ چوک، قادری چوک اور جیل روڈ، شادمان چوک، مزنگ سے لوئر مال جا سکیں گے۔ ادھر لوئر مال، بھاٹی چوک، پی ایم جی چوک سے کینٹ جانیوالے شہری ریگل چوک سے قادری چوک، چائنہ چوک، جیل روڈ اور مال روڈ کا راستہ اختیار کریں گے۔

دوسری جانب مزنگ، گنگارام چوک سے گڑھی شاہو چوک جانیوالے براستہ صفانوالہ، جی پی او چوک، لکشمی چوک، حاجی کیمپ سے گڑھی شاہو جا سکیں گے جبکہ کینال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت شہر کی تمام روڈز پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہے گی۔ مال روڈ سے براستہ جی پی او چوک، لکشمی میکلوڈ روڈ، ریلوے اسٹیشن جایا جا سکے گا۔ سی ٹی او لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ مردہ باد امریکہ ریلی کے باعث شہری مال روڈ کی بجائے جیل روڈ، علامہ اقبال روڈ کو ترجیح دیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پیز، 40 انسپکٹرز اور  318 وارڈنز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 837886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش