0
Saturday 11 Jan 2020 23:32

سندھ کے سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدر میندھرو لاپتہ ہوگئے

سندھ کے سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدر میندھرو لاپتہ ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدر میندھرو لاپتہ ہوگئے، ان کی اہلیہ نے پولیس کو گھر آنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق سندھ جمیل بدر میندھرو مبینہ طور پر کل سے لاپتہ ہیں، ان کی اہلیہ نے آج نجی ٹی وی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی کو کہا ہے بدر جمیل کو تلاش کرکے لائیں۔ اہلیہ بدر جمیل نے بتایا کہ میں نے پولیس کو گھر پر آنے سے منع کردیا ہے، جمیل بدر کل صبح ساڑھے دس بجے دفتر گئے تھے، دفتر کے بعد انہوں نے کہا کہ میں ڈیفنس جا رہا ہوں، لیکن پھر گھر نہیں لوٹے، وہ کل سے غائب ہیں، فون پر بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اہلیہ جمیل بدر میندھرو کو پولیس افسران نے فون کئے لیکن انہوں نے پولیس کو گھر کا پتا تک فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پولیس کا یہ بھی مؤقف ہے کہ جمیل بدر میندھرو ڈیفنس کی جانب آئے ہی نہیں، فون کی آخری لوکیشن ڈسٹرکٹ سنٹرل کی جانب آئی ہے۔

ادھر وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے سیکرٹری جمیل بدر میندھرو کی مبینہ گمشدگی کا نوٹس لے لیا ہے، انہوں نے آئی جی سندھ، چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی سندھ سید کلیم امام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ اگر اغواء کا کیس ہے تو فوری بازیاب کرایا جائے، اگر کسی نے گرفتار کیا ہے تو گرفتاری ظاہر کی جائے۔ خیال رہے کہ اینٹی کرپشن کی عدالت سے غیر قانونی ٹھیکوں کے اجراء کیس میں جمیل بدر کو دو دن قبل ضمانت قبل از گرفتاری مل گئی تھی، عدالت نے انہیں 20 جنوری کو پیش ہونے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 837920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش