0
Sunday 12 Jan 2020 00:30

کوئٹہ دہشتگردی کی کڑیاں دہلی، تل ابیب اور واشنگٹن سے جڑی ہوئی ہیں، لیاقت بلوچ 

کوئٹہ دہشتگردی کی کڑیاں دہلی، تل ابیب اور واشنگٹن سے جڑی ہوئی ہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں منشور کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کو توسیع کی قانون سازی ہوگئی اس کے بعد اب ریاستی اداروں، اسٹیبلشمنٹ کی حکومت کو غیرمشروط اندھی سرپرستی حاصل نہیں رہے گی، حکومت کو نااہلی، غرور، تکبر اور ناکامیوں کی جگہ اہلیت ثابت کرنا ہوگی، لیکن یہ معاملہ واضح ہے کہ حکومت میں اصلاحی اقدامات کے کوئی آثار نہیں، چیف ایگزیکٹو بدلے گا یا قبل از وقت انتخابات ہوں گے، تبدیلی بلوچستان، پنجاب اور کے پی سے شروع ہوگی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت کی پراسرار مجرمانہ خاموشی اور لاتعلقی کشمیریوں کو خوفناک تاریک مستقبل کی طرف دھکیل رہی ہے۔ مودی کے اقدامات سے پورا انڈیا سراپا احتجاج ہے، ظلم و تعصب کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے لیکن عمران خان حکومت کی خاموشی مودی کے لئے سہولت کار ثابت ہورہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ کوئٹہ میں خودکش دھماکہ میں پندرہ نمازی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، ان واقعات کا مذہب یا مسلک سے تعلق نہیں، یہ ریاست پر حملہ ہے، دشمن قومی وحدت و سلامتی پر وار کرتا ہے لیکن ملک کا مخصوص مائنڈ سیٹ واقعہ کی سنگینی کا رخ موڑ دیتا ہے، کوئٹہ دہشتگردی کی کڑیاں دہلی، تل ابیب اور واشنگٹن سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور سکیورٹی ادارے بلوچستان کے سیاسی اقتصادی حالات ٹھیک کریں، صوبائی حکومت سر پھٹول کا شکار ہے، عوام کا کون والی وارث ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کو ظلم، بےحسی، نفسا نفسی اور بے یقینی کے بحرانوں سے نکالنے کے لئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 837940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش