QR CodeQR Code

امریکہ کی ایجنٹی کرنے والے مسلم ممالک امت مسلمہ کے غدار ہیں

جنرل قاسم سلیمانی کا قتل دراصل امن کا قتل ہے، صاحبزادہ حامد رضا

12 Jan 2020 18:44

ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ امریکہ اسلامی ممالک کو آپس میں لڑا کر اپنے مقاصد پورے کر رہا ہے، اقوام متحدہ دنیا کو امن و انصاف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، پچھلے 75 برس میں اقوام متحدہ کی چھتری تلے مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ہے، مسلم ممالک کسی بھی مسلمان ملک پر حملے کو پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کرنے کا معاہدہ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں نمازیوں پر خود کش حملہ وحشت و بربریت کی بدترین مثال ہے، بیگناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسان نہیں شیطان ہیں، حکومت نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد یقینی بنائے، جنرل قاسم سلیمانی کا قتل دراصل امن کا قتل ہے، عالمی ادارے امریکہ کے جنگی جرائم کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن کے ساتھ کھڑے ہونے اور اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، رانا ثناء اللہ منشیات کیس کی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن بارے قرآن اٹھا کر صفائی کیوں نہیں دیتا، اسلامی نظریاتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت ہے، نیا نیب آرڈیننس دراصل میگا این آر او ہے، حکومت کے دعوے اور وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف سیاسی اشرافیہ کو عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں، عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس اور بیزار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے برطانیہ سے شہباز نعیم کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے دوران گفتگو کیا۔ وفد میں انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی، ملک بخش الٰہی، صاحبزادہ حسن رضا، ملک رضوان مصطفائی، رانا سجاد مصطفائی اور دیگر بھی شامل تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عالم اسلام کیخلاف سازشیں تیز ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اسلامی ممالک کو آپس میں لڑا کر اپنے مقاصد پورے کر رہا ہے، اقوام متحدہ دنیا کو امن و انصاف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، پچھلے 75 برس میں اقوام متحدہ کی چھتری تلے مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ہے، مسلم ممالک کسی بھی مسلمان ملک پر حملے کو پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کرنے کا معاہدہ کریں، مسلم ممالک اپنے اڈے کسی غیر مسلم ملک کو نہ دینے کا متفقہ اعلان کریں، عالم اسلام کو نیٹو طرز کی اپنی مشترکہ فوج بنانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسلام اور مسلمانوں کا کھلا دشمن ہے، امریکہ کی ایجنٹی کرنے والے مسلم ممالک امت مسلمہ کے غدار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 838047

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/838047/جنرل-قاسم-سلیمانی-کا-قتل-دراصل-امن-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org