QR CodeQR Code

اسرائیل کے دل و دماغ پر خوف طاری ہے

ایران نے امریکی بیسز پر حملہ کرکے سپر پاور کا غرور خاک میں ملا دیا، مرزا اسلم بیگ

عرب ممالک کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے

12 Jan 2020 19:01

اسلام آباد میں مردہ باد امریکہ اجتماع سے خطاب میں سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایران کے حملے کے بعد اسرائیل کی چیخیں نکل گئی ہیں، اسرائیل نے امریکہ سے کہا کہ جنگ آگے نہ بڑھاو، میں کہتا ہوں تم بھاگو گے تو کدھر جاو گے؟، تم پر فدائی حملے ہوں گے اور فدائی تیار بیٹھے ہیں۔ اسرائیل کے دل ودماغ پر خوف طاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی شہید کے حق میں پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب کیا اور کہا کہ ہمارے خلاف بہت سازشیں ہوئیں، چھ مسلمان ملکوں کو تباہ کر دیا گیا، اس کے بعد اب دشمن کی نظر جمہوری اسلامی ایران پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست قاسم سلیمانی پر حملہ کیا گیا، ایران نے جس اڈے سے ڈرون اڑا تھا، پہلے امریکہ کے اسی اڈے پر 17 میزائل مارے، دشمن ایک بھی میزائل کو انٹرسیپٹ نہ کرسکا، دوسرے اڈے پر 5 میزائل داغے گئے، امریکہ میزائل کے بارے میں بھی لاعلم رہا اور امریکی دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام رہا، سچ یہ ہے کہ جمہوری اسلامی ایران نے سپر پاور کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے القدس فورس کے سربراہ نے گذشتہ روز پہلا وزٹ افغانستان کا کیا ہے، امریکہ یاد رکھے کہ اب اس پر افغانستان کے اڈوں پر بھی حملہ ہوگا۔

سابق سپہ سالار جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے کہا کہ ایران کے حملے کے بعد اسرائیل کی چیخیں نکل گئی ہیں، اسرائیل نے امریکہ سے کہا کہ جنگ آگے نہ بڑھاو، میں کہتا ہوں، تم بھاگو گے تو کدھر جاو گے؟، تم پر فدائی حملے ہوں گے اور فدائی تیار بیٹھے ہیں۔ اسرائیل کے دل و دماغ پر خوف طاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایران میں انقلاب کامیاب ہوا تو امریکہ نے عرب ممالک کے دل میں ایران کا خوف بیٹھا دیا، تاکہ وہ اپنے وجود کو اس خطے میں برقرار رکھ اور اپنا اسلحہ فروخت کرسکے۔ بلین ڈالر کا اسلحہ بیچا گیا۔ عرب ممالک کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے۔ میں نے اسٹریٹیجک ڈیپتھ کے عنوان سے ایک منصوبہ بنا کر دیا تھا، جسے پاکستان میں غداروں نے ناکام بنا دیا، میں نے بتایا تھا کہ افغانستان، ایران اور پاکستان ملکر اتحاد کر لیں تو دشمن کو اس خطے سے نکال باہر کر دیں گے، مگر اس پر عمل نہ ہوسکا۔ آج بھی اگر پاکستان، افغانستان، ایران اور ترکی مل جائیں تو یہ کام ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 838049

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/838049/ایران-نے-امریکی-بیسز-پر-حملہ-کرکے-سپر-پاور-کا-غرور-خاک-میں-ملا-دیا-مرزا-اسلم-بیگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org