QR CodeQR Code

گلگت، شہید آغا ضیاء الدین رضوی کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی اجتماع، قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار

12 Jan 2020 23:03

تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک شیخ مرزا علی، رہنما اسلامی تحریک شیخ قیصر عباس، رہنما اسلامی تحریک شیخ شرافت ولایتی، شیخ کرامت حسین و دیگر نے کہا کہ صوبائی حکومت جی بی میں امن و امان قائم کرنے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی پے لیکن 15 سال گزرنے کے باوجود شہید آغا ضیاء الدین رضوی اور ان کے باوفا ساتھیوں کے قاتلوں اور سازشی عناصر کو گرفتار کر کے سزا دینے میں ناکام رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رضاکاران حسینی امپھری گلگت، انجمن محبان اہلبیت اور خانوادہ شہید رضوی کے زیراہتمام رہائشگاہ شہید رضوی امپھری میں شہید ولایت علامہ سید ضیاء الدین رضوی اور ان کے باوفا ساتھیوں کی 15ویں برسی کی مناسبت سے عظیم الشان تعزیتی اجتماع منعقد ہوا، جس میں علماء، سیاسی و سماجی شخصیات، اکابرین ملت کے علاوہ کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک شیخ مرزا علی، رہنما اسلامی تحریک شیخ قیصر عباس، رہنما اسلامی تحریک شیخ شرافت ولایتی، شیخ کرامت حسین و دیگر نے کہا کہ صوبائی حکومت جی بی میں امن و امان قاٸم کرنے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی پے لیکن 15 سال گزرنے کے باوجود شہید آغا ضیاء الدین رضوی اور ان کے باوفا ساتھیوں کے قاتلوں اور سازشی عناصر کو گرفتار کر کے سزا دینے میں ناکام رہی ہے۔

شہید آغا کے قاتل کہاں ہیں، سازشی عناصر اب تک بےنقاب کیوں نہیں ہو سکے، اجرتی قاتلوں کو جیل سے فرار کرانے والے کہاں ہیں، کس کے کہنے پر اجرتی قاتلوں کو جیل سے فرار کروایا گیا، حکومت اور ادارے کہاں ہیں؟ یہ حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے ان کو سامنے لائیں اور ملت جعفریہ میں پاٸی جانے والی تشویش کو دور کریں۔ مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کی حیثیت واضح کی جائے، بصورت دیگر ایسے منصوبوں پر سوال اٹھتے رہیں گے جو صرف خاص مسلک اور مخصوص لوگوں کے لئے فاٸدہ مند ثابت ہوتے ہوں۔ شہید ضیاءالدین کبھی ظلم پر خاموش نہیں رہے اور ہمیشہ ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے استعماری طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ کیا۔ جی بی کے آٸینی حقوق اور تعمیر و ترقی کے لئے سیاسی جدوجہد کی۔ شہید آغا سید ضیاء الدین رضوی نے جذبات کی بجائے مکتبی تعلیمات کو فروغ دیا۔

شہید آغا امت مسلمہ کی اصلاح چاہتے تھے، اسلام کے نام پہ بننے والے ملک میں اسلامی اقدار کی پامالی ہو رہی ہے، آزادی کے نام پر فحاشی پھیلائی جا رہی ہے، اسلامی اقدار کا تحفظ شہید سید ضیاء الدین رضوی کا مشن تھا۔ عالمی دہشت گرد امریکہ خود کو سپر پاور سمجھتا تھا، خودکار اور جدید اسلحہ پر غرور کرتا تھا، ان کے غرور کو اللہ پر ایمان اور اللہ پر توکل رکھنے والے رہبر مسلمین نے خاک میں ملا دیا۔ اجتماع کے آخر میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ سانحہ 8 جنوری 2005ء میں آغا ضیاء الدین اور ان کے ساتھیوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا لیکن آج 15 سال گزرنے کے بائوجود بھی حکومت قاتلوں، سازش کاروں اور سہولت کاروں کو  گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث اصل ملزمان، سازشی عناصر اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے پھانسی دی جائے اور اس کیس کی از سرنو تحقیقات کروائی جائیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ نصاب تعلیم سے متعلق 2009ء میں اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری و قومی تعلیمی اداروں میں تمام فرقوں کے لیے قابل قبول نصاب کا اجرا کیا جاۓ۔ جی بی جیسے اہم خطے کی غیر یقینی اور مبہم قانونی حیثیت کو عظیم قومی مفاد اور محب وطن عوام کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ جموں و کشمیر کے نہتے مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالی اور بھارت میں متنازعہ شہریت بل کی منظوری عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ایسے اقدامات کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ گلگت کے پشتنی باشندگان کی ملکیتی اراضی اور چراگاہوں کی غیر مقامی افراد اور سرکاری اداروں میں بندر بانٹ کے سلسلے کو فوری روکا جائے۔

شیعہ اکثریتی علاقوں کو حکومتی ایما پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی حکومتی سازش کی مذمت کرتے ہیں اور شیعہ ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار قرار دے کر زبردستی قبضہ کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے فیس ری ایمبریسمنٹ سکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور کے آٸی یو سمیت سرکاری تعلیمی اداوں میں مقامی افراد کو ترجیح دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سرکاری اداروں میں نوکریوں کی بندر بانٹ کی مذمت اور میرٹ پر تقرریوں کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایرانی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی امریکی حملے میں شہادت کی مذمت کرتے ہیں، حملہ عالمی دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ریاستی سطع پر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں اور اپنی سرزمین کے استعمال کی کسی کو اجازت نہ دینے کی ڈی جی آٸی ایس پی آر کے بیان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 838075

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/838075/گلگت-شہید-ا-غا-ضیاء-الدین-رضوی-کی-برسی-مناسبت-سے-تعزیتی-اجتماع-قاتلوں-عدم-گرفتاری-پر-شدید-تشویش-کا-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org