0
Sunday 12 Jan 2020 23:07

وفاقی حکومت کو کراچی اور حیدرآباد کیلئے 30 ارب روپے ریلیز کرنے چاہیئے، فیصل سبزواری

وفاقی حکومت کو کراچی اور حیدرآباد کیلئے 30 ارب روپے ریلیز کرنے چاہیئے، فیصل سبزواری
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو کراچی اور حیدر آباد کیلئے 30 ارب روپے ریلیز کرنے چاہیئے، حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد خود وزیراعظم نے رکھا تھا، اس پر پیش رفت کریں، ایم کیو ایم کا کابینہ کی دو نشستوں کا جھگڑا نہیں تھا اور نہ ہی حکومت چھوڑنے کا معاملہ کسی وزارت کی وجہ سے ہے، ہمیں پیپلز پارٹی سے کوئی امیدیں وابستہ نہیں ہیں، ہمارا حکومت سے تعاون جاری رہے گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے کابینہ چھوڑے کا فیصلہ دو روز قبل کرلیا تھا، ہم نے کابینہ سے احتجاجاً علیحدگی کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت گرانے کی کوئی بات نہیں کی، ہم نے تو حکومت کے ساتھ اب بھی تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت کو کراچی اورحیدرآباد کیلئے 30ارب روپے ریلیز کرنے چاہیئے، حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد خود وزیراعظم نے رکھا تھا، اس پر پیش رفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاہدے پر ایم کیو ایم کی طرف سے دستخط میں نے کئے تھے، وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں ہے، اب تک تحریک انصاف کے ساتھ جتنے اجلاس ہوئے ہیں تو اس سے لگا ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ دوست بھی نہیں چاہتے کہ کراچی کے شہریوں کو فوری طور پر کوئی ریلیف ملے کیونکہ اس کا کریڈٹ ایم کیو ایم کے پاس چلا جائے گا۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ جو بھی گفتگو ہوگی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی ہی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر تحریک انصاف نے بند نہیں کئے لیکن ہم نے معاہدے میں لکھا ہے کہ ان دفاتر کو کھلوائیں کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت ہے اور یہ دفاتر کھلوا سکتی ہے، لاپتہ افراد بھی حکومت بازیاب کروا سکتی ہے، وفاقی حکومت اس معاملے پر کارروائی تو کرسکتی ہے اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمیں  پیپلز پارٹی سے کوئی توقع نہیں ہے، سندھ حکومت نے ڈیڑھ سو ارب روپے کے سالانہ ٹیکس کراچی سے وصول کئے ہیں لیکن کراچی کے لئے کچھ نہیں کیا اور اگر ایک دو منصوبے شروع کر بھی دیئے تو یہ کوئی احسان نہیں کیا، وفاقی حکومت سے ہمارا صرف فنڈز کا اختلاف نہیں بلکہ دیگر معاملات بھی ہیں، وفاقی حکومت کراچی حیدرآباد کے لئے فوری طور پر 30 ارب روپے جاری کرے اور مردم شماری کا معاملہ بھی دیکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 838079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش