0
Monday 13 Jan 2020 20:58

وادی کالام میں 40 انچ تک برف پڑچکی ہے

وادی کالام میں 40 انچ تک برف پڑچکی ہے
اسلام ٹائمز۔ وادی کالام میں گذشتہ روز سے جاری برفباری کے باعث اب تک 3 فٹ سے زائد برف زمین پر پڑچکی ہے، جبکہ برف گرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ دوسری جانب کالام کی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، جبکہ لنک روڈ بند ہوچکے ہیں۔ ضلع سوات کے آخری علاقہ وادی کالام میں دو روز سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کی شام تک 40 انچ برف پڑچکی ہے، جبکہ برف گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری کے باعث کالام سے اوشو مٹلتان اور کالام سے اتروڑ جانے والی سڑکوں سمیت تمام لنک روڈز بند ہیں، جبکہ وادی کالام کو شہری علاقوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر بدستور ٹریفک رواں دواں ہے۔ ایس ایچ او کالام سرباز خان نے میڈیا کو بتایا کہ برفباری کے باعث کہیں بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ البتٰہ گورکین اور اوشو میں برفانی تودے گرے ہیں جس کے باعث آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ وادی کالام میں موجود بیشتر سیاح گذشتہ رات ہی برف باری کے تیور دیکھ کر راتوں رات نکل چکے ہیں، جبکہ رہ جانے والے سیاح لنک روڈز بند ہونے کے باعث کالام کے مرکزی بازار میں ہی برف باری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بحرین سے کالام تک جابجا مشنری کھڑی کردی ہے جو وقفے وقفے سے روڈ کی صفائی کر رہی ہے جس کے باعث مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی بندش کا کوئی خدشہ نہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کی ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کو بعض مقامات پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اس لئے اونچی اور فور بائی فور گاڑیوں کا استعمال کیا جائے۔ کالام ہوٹلز ایسوسی ایشن کے مطابق وادی کے ہوٹلوں میں مزید ہزاروں سیاحوں کے رہائش کی گنجائش موجود ہے اور کسی قسم کی سہولت کی قلت کا سامنا نہیں۔ بحرین سے کالام تک سڑک کے اطراف آباد مقامی لوگ سیاحوں کی رہنمائی اور مدد بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 838261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش