0
Tuesday 14 Jan 2020 12:29

عمران خان سرکار جس طرح آئی، تباہی کر کے اسی راستے واپس بھی ہوگی، لیاقت بلوچ

عمران خان سرکار جس طرح آئی، تباہی کر کے اسی راستے واپس بھی ہوگی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کشمیر پالیسی اور قومی قیادت کا اتفاق ہی پاکستان کے موقف کو عالمی محاذ پر پذیرائی دے سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان سرکار جس طرح آئی، تباہی کر کے اسی راستے واپس بھی ہوگی، صرف اقتدار کے لیے بھان متی کا کنبہ جوڑا گیا، مفادات کی ہنڈیا اقتدار کے چولہے پر ہی بھسم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف اپوزیشن، مخالف جماعتوں کے ساتھ ہی نہیں اپنے ارکان اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ بھی غیر سیاسی، غیر جمہوری رویہ اختیار کیے رکھا، اب عمران خان کے لیے اقتدار بچانا ترجیح ہے تو انہیں بہت سارے کمپرومائز کرنا ہوں گے۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ سے پہلے ہر معاملہ عیاں ہوتا جائے گا، ایم کیو ایم فطری طور پر کسی کی حلیف نہیں، ہمیشہ آلہ کار ہی ہوتی ہے۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا کہ اصل المیہ تو یہ ہے کہ ہر حکومت ان کے ساتھ ماضی کے باوجود انہیں سینے سے لگاتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت میں نریندر مودی کے فاشسٹ اسلوب حکمرانی کے خلاف پورا بھارت احتجاج کی شاہراہ پر ہے، اقلیتوں کے خلاف آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کا رویہ ہولناک ہے، پوری دنیا میں بھارتی حکومت کا انسان دشمن چہرہ بے نقاب ہو گیاہے، حکومت پاکستان اس اہم ترین موقع کو ضائع کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قابض فوج کے مظالم بے نقاب کرنا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے لیے حق خود ارادیت کے لیے منظم سفارت کاری ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 838341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش