0
Wednesday 15 Jan 2020 11:36

وادی نیلم میں برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں

وادی نیلم میں برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کی وادی نیلم میں امدادی کارروائیں جاری ہیں اور برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں ملی ہیں۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق وادی نیلم میں برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے نتیجے میں آزادکشمیر میں متعدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد67 ہو گئی ہے۔ سرگن نالہ کے بکولی اور سیری سمیت وادی نیلم میں 64 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوئے جبکہ باقی جانی نقصان دیگر علاقوں میں ہوا۔ وادی نیلم میں 22 دکانیں، 107 مکانات جزوی اور 91 مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ برفانی تودے سے متاثرہ سرگن ویلی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور برف میں دبے لاپتہ افراد کی تلاش کا کام صبح ہوتے ہی دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ وادی نیلم اور وادی گریس میں سردی کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آزادکشمیر حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی اور کفن دفن کا سامان متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا ہے۔ عمران خان آج آزادکشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق خان نے بتایا کہ ریاست بھر میں بارش اور برفباری سے اب تک 62 افراد جاں بحق اور 47 زخمی  ہو چکے ہیں۔ وادی نیلم میں 59 جبکہ کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ 56 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ وزیر مملکت ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وادی نیلم میں جاں بحق 49 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہے ہیں، برف تلے دب جانیوالے افراد کی تلاش کیلئے بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 838559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش