0
Wednesday 15 Jan 2020 19:11

کراچی میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا، فی کلو 8 روپے اضافہ

کراچی میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا، فی کلو 8 روپے اضافہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے کھانے پینے کی اشیاء کی منہ مانگی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دیں، شہر میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں 8 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز میں بھی آٹا موجود نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انتظامیہ نے شہریوں کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، آٹا ایک ہفتے میں 8 روپے مہنگا ہوگیا، شہر کے کئی علاقوں میں آٹا 70 روپے کلو میں بھی دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث بحران سنگین ہوگیا ہے، آٹا مہنگا ہونے کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ بیوپاریوں نے گندم کی قیمت میں من مانا اضافہ کر دیا، جس کے باعث کراچی میں 100 کلو گندم کی بوری 400 تا 500 روپے مہنگی ہوگئی ہے، جبکہ چکی کے آٹے کی قیمت میں 5 روپے کلو اضافہ ہو گیا ہے اور چکی کا آٹا فی کلو 64 تا 70 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

کئی علاقوں میں آٹا چکیوں اور دکانوں پر آٹا دستیاب نہیں ہے، آٹے کے بحران نے شہریوں کو ایک نئی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ آٹے کے علاوہ کھانے پینے کی دیگر اشیا بھی مہنگی کر دی گئی ہیں۔ دالیں، چاول، مصالحہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں۔ سبزیاں، پھل بھی من مانی قیمتوں پر فروخت ہو رہے ہیں۔ یوٹیلی اسٹورز پر بھی رعایتی پیکیج والی اشیاء کی عدم دستیابی کی شکایات مل رہی ہیں۔ مقامی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے بجائے نرخ نامے جاری کرنے تک محدود ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کا گھریلو بجٹ درہم برہم ہوگیا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے نتیجے میں شروع ہونے والی مہنگائی کا سلسلہ ڈالر کی قدر مستحکم ہونے کے باوجود تھم نہ سکا اور صارف مارکیٹوں میں یومیہ بنیادوں پر اشیاء کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔

چکی آٹے کا 10 کلو کا تھیلا جو ایک ہفتے قبل 600 روپے میں تھا، گزشتہ روز ایک ہفتے میں دوسری بار مہنگا ہو کر 700 روپے کی سطح پر پہنچ گیا، لیکن بجائے اس کے آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جاتا۔ کمشنر کراچی نے منگل کو روٹی کی قیمت مارکیٹ سے 2 روپے کم مقرر کر دی، جس کو نانبائیوں اور شہریوں نے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں روٹی کی قیمت مقرر کرنے کا مقصد رشوت کا ایک اور دروازہ کھولنے کے سوا کیا ہو سکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دالیں ایک ہفتے میں 20 روپے، چاول 10 تا 20 روپے فی کلو گرام اور مصالحہ جات 30 روپے تک فی پاﺅ مہنگے ہو چکے، سبزیاں، پھل، دودھ، گوشت بھی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا اور کمشنر کراچی صرف اعلانات کرکے اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 838667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش