0
Wednesday 15 Jan 2020 19:51

لاہور، پی آئی سی حملہ، پولیس افسران ہی ذمہ دار قرار

لاہور، پی آئی سی حملہ، پولیس افسران ہی ذمہ دار قرار
اسلام ٹائمز۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلاء کے حملے کے حوالے سے انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی۔ پولیس کی انکوائری میں بھی پولیس افسران ہی واقعہ کے ذمہ دار قرار پائے۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جانب سے بنائی گئی تین رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں لاہور پولیس کی غفلت کو ہی واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وکلاء کی پیش قدمی کا پولیس نے سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔ پی آئی سی کی جانب پیش قدمی کی اطلاع سپیشل برانچ سے چار منٹ پہلے پولیس کو مل گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق کورٹ سے نکلنے اور پی آئی سی پہنچنے تک ایس پی سٹی نے 3 مرتبہ وکلاء سے مذاکرات کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ اس کے بعد لاہور پولیس نے وکلاء کی پیشرفت روکنے کیلئے صرف 5 ریزرویں طلب کیں۔ ریزرویں وکلاء کے پہنچنے سے آدھا گھنٹہ پہلے پی آئی سی پہنچ چکی تھیں۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن عمران ملک بھی پونے 12 بجے پی آئی سی کے باہر پہنچے، 50 اینٹی رائٹ کے جوان پی آئی سی کے ایمرجنسی گیٹ پر تعینات کئے گئے، ہسپتال میں داخلے کے دوران پولیس نے وکلاء کو کوئی روک ٹوک نہ کی۔ واقعہ کی روک تھام کیلئے اعلیٰ افسران نے بروقت کوئی اقدامات نہ کئے، ڈی آئی جی آپریشنز ایک بج کر 50 منٹ پر پی آئی سی کے باہر پہنچے، وقوعہ پر پہنچنے کے باوجود ڈی آئی جی آپریشنز نے کوئی اقدامات نہ کئے۔

وکلاء اور ڈاکٹرز کے آمنے سامنے ہونے پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور اپنے دفتر میں بیٹھے رہے اور وقوعہ پر اگلے روز پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے آئی جی پنجاب کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے 2 ملاقاتیں ہوئیں، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے کہ افسران کیساتھ کیا سلوک کرنا ہے۔ انکوائری کمیٹی نے 3 سے 4 روز قبل آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو رپورٹ جمع کرائی۔
خبر کا کوڈ : 838677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش