0
Wednesday 15 Jan 2020 23:42

آئی جی سندھ پولیس کے معاملے پر مشاورت، عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا

آئی جی سندھ پولیس کے معاملے پر مشاورت، عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ پولیس کے معاملے پر مشاورت کے لئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے گورنر کو آئی جی کے معاملے پراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا ٹاسک دے دیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی۔ وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے آئی جی پولیس کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی اور آئی جی سندھ کے لئے نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، انہوں نے بعض مواقع پر غیرذمہ دارانہ بیان بھی دیئے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ آئی جی سندھ کلیم امام نے چند افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کمزور کیا ہے۔ آئی جی کلیم امام سندھ حکومت کے احکامات کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور افسران کے تبادلے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے افسران کو عہدہ چھوڑنے سے روک دیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 838711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش