0
Thursday 16 Jan 2020 17:16

امریکہ مشرق وسطیٰ سے فی الفور اپنی فوجیں واپس بلائے، علامہ باقر زیدی

امریکہ مشرق وسطیٰ سے فی الفور اپنی فوجیں واپس بلائے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ عراق میں امریکی جارحیت، قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کیخلاف مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے کراچی میں شاہ خراسان روڈ پر احتجاج کیا گیا اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد امریکی پرچم بھی نظر آتش کیا گیا۔ احتجاج اور شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں علی حسین نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، شیخ مبشر عالم، علامہ مبشر حسن، ناصر الحسینی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے۔ شرکاء سے خطاب میں صوبائی رہنما علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ امریکہ عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور عالمی دہشت گرد کا کردار ادا کر رہا ہے، امریکہ نے مسلمانوں کو ہمیشہ نقصان پہنچایا ہے، عراق میں برادر مسلم ملک ایران کی اہم شخصیت کو نشانہ بناکر امریکہ نے بربریت کا بدترین مظاہرہ کیا، کسی خودمختار ریاست کی اجازت کے بغیر اس کی سرزمین پر اس طرح کا حملہ عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، امریکہ مشرق وسطی سے فی الفور اپنی فوجیں واپس بلائے۔

انہوں نے کہا کہ عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی فوج کے انخلاء کی منظوری کے بعد امریکہ کے پاس عراق میں مزید قیام کا کوئی جواز باقی نہیں بچا، یہ بات امریکہ کے حق میں بھی بہتر ہے اسے جنگ اور کشیدہ صورتحال سے بچ نکلنے کا آسان راستہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی نے خطے میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا، قاسم سلیمانی کی شہادت نے اس حقیقت کو واضح کردیا ہے کہ وہ کون سی قوتیں ہیں جو داعش کو پس پردہ معاونت فراہم کر رہی ہیں، عالم اسلام کے جرات مند سپاہی قاسم سلیمانی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اسلامی ممالک کے مابین اتحاد کے لئے عراقی وزیر اعظم کو اہم پیغام پہچانے آئے تھے، ان کا قتل مسلمانوں کی تفریق میں ملوث امریکہ و اسرائیل کی سازشوں کا شناخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مظاہرے سے خطاب میں معروف اپلسنت عالم دین علامہ منظر الحق تھانوی کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کی شہادت پر پوری دنیا میں جو ردعمل دیکھا گیا وہ قاسم سلیمانی کے ساتھ مسلمانوں کے والہانہ لگاؤ کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،شیعہ سنی پاکستان کا مضبوط دفاع ہیں، جس کسی نے ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا اسے بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے، جب بھی کسی مسلم ملک کو ضرورت پڑی پاکستان فطری طور پر امت مسلمہ کا اتحادی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایشوز پر پاکستانی حکمرانوں کو بھی ایسا موقف اختیار کرنا چاہیئے جو عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا ہو۔

 
خبر کا کوڈ : 838857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش