0
Friday 17 Jan 2020 00:11

سندھ کی عوام اب ظلم کیخلاف کھڑی ہوچکی اور حقوق سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں، مصطفیٰ کمال

سندھ کی عوام اب ظلم کیخلاف کھڑی ہوچکی اور حقوق سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ لاڑکانہ کے عوام بھرپور تعداد میں 24 جنوری جلسے میں شرکت کرکے حکمرانوں کو اس بات کا عندیہ دیں گے کہ سندھ کی عوام اب ظلم کے خلاف کھڑے ہوچکی ہے اور اب کسی بھی صورت غلامی اور اپنے حقوق سے دستبردار ہونے کے لئے تیار نہیں۔ یہ بات چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے پاکستان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح موقع ملنے پر سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بنایا تھا، اب عوام کی طاقت، مدد اور حمایت سے سندھ اور پاکستان بنائیں گے، پاک سرزمین پارٹی کے جھنڈے تلے ہر رنگ، نسل، مسلک، مذہب اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ہمارے ساتھ عزت، انصاف اور اختیار کی جدوجہد میں شامل ہورہے ہیں، ہمارا مقصد خوف خدا کے ساتھ مخلوق خدا کی خدمت کرکے خوشنودیِ خدا حاصل کرنا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرا ماضی سب کے سامنے ہے، میئر کراچی سے لے کر ملک کے اعلیٰ ترین ایوان کا حصہ رہا لیکن کبھی حرام نہیں کمایا اور نہ ہی میرے سیاسی مخالفین بھی کرپشن جیسا الزام مجھ پر لگا سکتے ہیں، یہ ہمارا کردار ہے، ہمیں یہیں مرنا ہے اور دفن ہونا ہے، کراچی سے کشمور تک سندھ ایک ہے اور ہماری دھرتی ماں ہے، آپسی تفرقے بھلا کر سب کو اس کی تعمیر و ترقی کیلئے کھڑا ہونا ہوگا، جس دن سب ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے کراچی سے کشمور تک اپنے حقوق لے لیں گے، پی ایس پی ایسا نظام وضع کرے گی جس میں عوام کی حکمرانی ہو نہ کہ چند لوگ تمام اختیارات اور وسائل پر قبضہ کرکے بیٹھ جائیں، عوام گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو بتا دیں کہ جو لوگ انکے حقوق غضب کرکے بیٹھے ہیں ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 838932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش