QR CodeQR Code

امریکہ یا یورپی یونین سے توقعات رکھنا حماقت ہے

عالمی استعمار اسلام اور مسلمانوں کی ترقی کا دشمن ہے، لیاقت بلوچ کا مشہد میں مختلف ملاقاتوں میں اظہار خیال

کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام اور انکی لازوال قربانیوں کا حق ہے کہ انہیں آزادی اور حق خودارادیت ملے

17 Jan 2020 00:31

مشہد مقدس کے دورہ کے موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کوالالمپور کانفرنس بہترین موقع تھا، پاکستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان کی عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، اب بھی ایسی کانفرنس کا اہتمام ہو، جس میں سعودی عرب، ایران کے سربراہ بھی ہوں، اس مقصد کیلئے پاکستان، ترکی اور ملائیشیاء کے سربراہان مملکت مشترکہ کوشش کریں۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ جو اپنی سربراہی میں آج کل ملی یکجہتی کونسل کے آٹھ رکنی وفد کے ہمراہ ایران کے دورہ پر ہیں، انہوں نے مشہد مقدس (ایران) میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ایران، سعودی عرب، ترکی اور افغانستان کے حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہو جائیں تو تمام ممالک علم، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی، اقتصادی محاذ پر ترقی کریں گے۔ عالمی استعمار اسلام اور مسلمانوں کی ترقی کا دشمن ہے، پانچوں ممالک میں مداخلت بند ہو جائے اور مشترکہ دشمن کے مقابلہ میں مشترکہ حکمت عملی بنالی جائے تو جنگ اور دہشتگردی سے نجات مل جائے گی۔ کوالالمپور کانفرنس بہترین موقع تھا، پاکستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان کی عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، اب بھی ایسی کانفرنس کا اہتمام ہو، جس میں سعودی عرب، ایران کے سربراہ بھی ہوں، اس مقصد کے لئے پاکستان، ترکی، ملائیشیاء کے سربراہان مملکت مشترکہ کوشش کریں۔ امریکہ یا یورپی یونین سے توقعات رکھنا حماقت ہے، اس میں سراسر اسلامی ممالک کا خسارہ ہے، کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام اور ان کی لازوال قربانیوں کا حق ہے کہ انہیں آزادی اور حق خودارادیت ملے۔

ملی یکجہتی کونسل کے وفد نے دورہ ایران کے دوران مشہد خراسان سائنس، ٹیکنالوجی، ولی فقیہ کے نمائندہ برائے اہل سنت، سنی علماء اور امام جمعہ سے ملاقات کی۔ فارس کے قومی شاعر فردوسی اور امام غزالی کے مزار، مدرسہ، خانقاہ کا دورہ کیا۔ وفد نے امام رضا کے مزار اقدس پر حاضری دی اور محفل قرآن میں جنرل قاسم سلیمانی شہید کی تعزیت کی۔ روضہ امام رضا کے متولی نے وفد کا خیر مقدم کیا اور تعزیت پر آمد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں عارف حسین واحدی، سید صفدر گیلانی، علامہ مقصود احمد سلفی، سید ناصر شیرازی، طاہر حبیب نقشبندی، ثاقب اکبر، رضیت باللہ پر مشتمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 838937

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/838937/عالمی-استعمار-اسلام-اور-مسلمانوں-کی-ترقی-کا-دشمن-ہے-لیاقت-بلوچ-مشہد-میں-مختلف-ملاقاتوں-اظہار-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org