QR CodeQR Code

اورنگی ٹاؤن میں پولیس کی کاروائی، نومولود بچوں کو اغواء کرنیوالا گینگ گرفتار

17 Jan 2020 14:04

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان قطر اسپتال کے قریب وارداتیں کرتے تھے، گینگ کے مزید کارندوں سے تفتیش کی جارہی ہے، ممکن ہے گروہ کے مزید ارکان ہوں جن کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سرکاری اسپتال کے قریب پولیس نے چھاپہ مار کر نومولود بچوں کو اغواء کرنے والا گینگ پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کو اغوا کرنے والا گینگ پکڑا گیا، کارروائی کے دوران خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان نومولود بچے کو اغواء کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان قطر اسپتال کے قریب وارداتیں کرتے تھے، گینگ کے مزید کارندوں سے تفتیش کی جارہی ہے، شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے نومولود بچوں کو اغوا کرنے والے گینگ کی گرفتاری کے بعد پولیس نے مختلف مقامات پر اہم چھاپے مارے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں سرکاری اسپتال قطر کے قریب چھاپہ مار کر نومولود بچوں کو اغواء کرنے والے گینگ کے اہم ارکان کو پکڑ لیا تھا، گرفتار ملزم اور ملزمہ کی نشان دہی پر آج مختلف مقامات پر پولیس نے چھاپے مارے۔

میڈیا کے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں عدنان شوکت ولد شوکت شاہ، اور فوزیہ عرف دعا ولد خورشید احمد شامل ہیں، پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نومولود بچوں کے اغواء میں اسپتال انتظامیہ بھی شامل ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ممکنہ طور پر اسپتال انتظامیہ کی ملی بھگت سے وارداتیں کرتے تھے، اس گروہ میں دیگر خواتین اور مرد بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سرکاری اسپتال سے ایک عرصے سے نومولود بچے اغوا کر رہے ہیں، ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین کا کہنا تھا ملزمان پر چھاپہ اس وقت مارا گیا تھا جب وہ قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن سے نومولود بچے کو اغواء کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دیگر ملزمان کی تلاش میں مزید چھاپے مارے جائیں گے۔ دوسری جانب شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے بچے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے لگے ہیں، ڈھائی سال کے ایان کے بعد رمضان گوٹھ سے 9 سال کی بچی لاپتہ ہوگئی۔ سرجانی ٹاؤن میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تاہم سرجانی ٹاؤن پولیس لاپتہ بچوں کا اب تک سراغ نہیں لگا سکی۔ لاپتہ بچوں کے والدین نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 838990

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/838990/اورنگی-ٹاؤن-میں-پولیس-کی-کاروائی-نومولود-بچوں-کو-اغواء-کرنیوالا-گینگ-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org