QR CodeQR Code

سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی ضروری قرار دیدی

دنیا نے مان لیا کہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ عالمی تنازع ہے، منیر اکرم

سلامتی کونسل نے اتفاق کیا کہ بھارت فوجی مبصرین سے تعاون نہیں کر رہا

17 Jan 2020 23:46

ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا بڑی کامیابی ہے، سلامتی کونسل ارکان میں سے کسی نے اجلاس کی مخالفت نہیں کی، اجلاس میں پاکستان کے موقف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی ضروری قرار دی ہے، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر پر تفصیلی بحث ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا بڑی کامیابی ہے، سلامتی کونسل ارکان میں سے کسی نے اجلاس کی مخالفت نہیں کی، اجلاس میں پاکستان کے موقف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منیر اکرم کے مطابق سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کو تسلیم کیا، اجلاس میں پاکستان اور بھارت میں تناؤ کو سمجھا گیا، کشمیر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات میں اضافہ تسلیم کیا گیا، سلامتی کونسل نے اتفاق کیا کہ بھارت فوجی مبصرین سے تعاون نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اتفاق تھا کہ بھارت کو 5 اگست کے اقدامات واپس لینے چاہئیں، مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور مودی کے اقدامات پر دنیا کو تشویش ہے، بھارت پر جارحانہ اقدامات کا سلسلہ روکنے کا دباؤ ہے، بھارت پر یہ بھی دباؤ ہے کہ پاکستان مخالف رویہ ترک کرے۔ منیر اکرم نے کہا کہ دنیا نے مان لیا کہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں، عالمی تنازع ہے، اب سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کے تنازع کو دیکھ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دوبارہ جان پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اجلاس میں قراردادوں کو تسلیم کیا گیا ہے، دنیا مان رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 839104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839104/دنیا-نے-مان-لیا-کہ-کشمیر-بھارت-کا-داخلی-معاملہ-نہیں-بلکہ-عالمی-تنازع-ہے-منیر-اکرم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org