QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی کی امریکہ کے مشیر برائے قومی سلامتی امور رابرٹ او برائن سے ملاقات

18 Jan 2020 11:03

واشنگٹن میں ملاقات کے دوان پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکی مشیر کو اپنے خلیجی ریاستوں کے دارالحکومتوں کے دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ جامع، طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری پر مبنی دو طرفہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات کے ذریعے معاملات کے پرامن حل کا حامی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات امریکہ کے مشیر برائے قومی سلامتی امور رابرٹ او برائن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ستمبر 2019 کو تعینات ہونے والے نئے امریکی مشیر برائے قومی سلامتی سے وزیرخارجہ کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔ ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے جولائی 2019 میں ہونیوالے وزیر اعظم کے دورہ امریکہ اورامریکی صدر سے ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اورڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ہونے والی ان ملاقاتوں نے پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے امریکی مشیر برائے قومی سلامتی امور کو ان کا وش سے آگاہ کیا جو پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے بروئے کار لا رہا ہے۔ واشنگٹن میں ملاقات کے دوان پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکی مشیر کو اپنے خلیجی ریاستوں کے دارالحکومتوں کے دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی پاکستان کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے کیونکہ یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے پاکستان کشیدگی کے خاتمے اورخطے میں قیام امن کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔


خبر کا کوڈ: 839135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839135/شاہ-محمود-قریشی-کی-امریکہ-کے-مشیر-برائے-قومی-سلامتی-امور-رابرٹ-او-برائن-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org