0
Saturday 18 Jan 2020 11:20

شاہ محمود قریشی امریکہ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ

شاہ محمود قریشی امریکہ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ دورہ امریکہ مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہو چکے ہیں، امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید اور سفارت خانے کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہء امریکہ دو مرحلوں پر مشتمل تھا، پہلے مرحلے میں وزیر خارجہ نیویارک گئے، جہاں ان کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ،صدر سیکورٹی کونسل اور صدر جنرل اسمبلی کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کے خدشات کو باور کروایا۔ وزیر خارجہ نے اپنے دورہ امریکہ کے دوسرے مرحلے میں امریکی سینٹ کے سینیئر اراکین، وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی مشیر برائے قومی سلامتی اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ان ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے، افغان مفاہمتی عمل، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور اپنے حالیہ دورہ ایران و سعودی عرب سے آگاہ کیا۔ امریکی حکام کی طرف سے قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا جانا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں پاکستان کانگریشنل کاکیس اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں اور پاک امریکہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اسے مزید مستحکم بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کی اور اپنے دورہ امریکہ کے اغراض و مقاصد اور امریکی حکام سے ہونیوالی اہم ملاقاتوں کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔
خبر کا کوڈ : 839140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش