روپے کی قدر میں کمی اور سعودی ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے، پیر نورالحق قادری
18 Jan 2020 11:36
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ کرتارپور ایک راہ داری ہے جو کہ صرف 4 کلو میٹر ہے اور سائیکل کی بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ حج کے لیے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔وفاقی وزیر مذہبی و اقلیتی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں آئے روز ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے امسال حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے اور گزشتہ سال کے مقابلے اس سال حج مزید مہنگا ہوگا۔ اسلام آباد میں پوائیوٹ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی و چاروں صوبوں کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ خواہش ہے کہ سستا حج کروا سکیں لیکن بڑھتے اخراجات کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے مین رواں برس حج مزید مہنگا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید ہوتی ہے کرتارپور راہداری کھول دی اور حج مہنگا کردیا، کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ کرتارپور ایک راہ داری ہے جو کہ صرف 4 کلو میٹر ہے اور سائیکل کی بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ حج کے لیے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرکے وہاں 40 روز قیام و طعام کا اہتمام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ ہیں۔
خبر کا کوڈ: 839158