QR CodeQR Code

اسلام آباد دنیا کے محفوظ شہروں میں شامل، بھارت رہنے کیلئے خطرناک ترین، رپورٹ

19 Jan 2020 15:34

بین الاقوامی ادارے نمبیو کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کرائم انڈیکس میں وفاقی پولیس کی رینکنگ میں بہتری اور جرائم کی شرح میں 4 فیصد کمی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ رپورٹ دنیا بھر کے 374 شہروں میں سروے کے بعد جاری کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد عالمی جرائم کی شرح میں 4 فیصد کمی کے بعد لندن، پیرس اور سڈنی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہو گیا۔ بین الاقوامی ادارے نمبیو کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کرائم انڈیکس میں وفاقی پولیس کی رینکنگ میں بہتری اور جرائم کی شرح میں 4 فیصد کمی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ رپورٹ دنیا بھر کے 374 شہروں میں سروے کے بعد جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کرائم انڈیکس کم ہو کر 28.63 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ گزشتہ برس وفاقی دارالحکومت میں کرائم کی شرح 32.88 فیصد تھی۔ گزشتہ سال ورلڈ کرائم انڈیکس میں اسلام آباد 232 نمبر پر موجود تھا، تاہم اب 69 درجے بہتری کے بعد وفاقی دارالحکومت 301 پر پہنچ گیا۔ اسلام آباد نے کرائم کی شرح میں سڈنی، برلن، ماسکو، لندن، پیرس اور شنگھائی کو بھی مات دے دی ہے۔ دوسری جانب کراچی 22 درجے بہتری کے بعد فہرست میں 88 ویں نمبر پر موجود ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی ادارے اسپیکٹیٹر انڈیکس نے بھارت کو دنیا بھر میں رہنے کے لیے بدترین خطرناک ملک قرار دے دیا۔ عالمی ادارے اسپیکٹیٹر انڈیکس نے 2019ء کیلئے دنیا بھر کے 20 خطرناک ممالک کی فہرست جاری کی ہے۔ فہرست میں برازیل پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، نائیجریا تیسرے اور ارجنٹینا چوتھے نمبر پر ہیں۔ اسپیکٹیٹر انڈیکس کی فہرست میں بھارت دنیا بھر میں لوگوں کے رہنے کے لیے پانچویں نمبر پر بدترین خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔ فہرست میں پیرو چھٹے، کینیا ساتویں، یوکرین آٹھویں، ترکی نویں اور کولمبیا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ حیرت انگیز طور پر اسپیکٹیٹر انڈیکس کی فہرست میں برطانیہ 12 ویں اور امریکا 16 ویں نمبر پر ہے۔ فہرست کے مطابق میکسیکو کو گیارہویں نمبر پر دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ تیرہویں نمبر پر مصر، چودہویں نمبر پر فلپائن، پندرہویں نمبر پر اٹلی، سترہویں پر انڈونیشیا، اٹھارہویں پر گریک (یونان)، انیسویں پر کویت اور بیسویں نمبر پر تھائی لینڈ شامل ہے۔ سپیکٹیٹر انڈیکس نے انسانی حقوق کی پامالی، عام آدمی کے استحصال، بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کو انڈیکس میں شامل کیا جب کہ شہریوں کے حقوق غصب کرنے، آزادی اظہار پر پابندی اور بنیادی حقوق سے محروم رکھنا بھی سروے میں شامل ہے۔ اسپیکٹیٹر انڈیکس میں تمام معاشرتی پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قانون نافذ کرکے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے، بھارتی حکومت کا نیا شہریت قانون ہندووتوا کی ترویج اور اقلیتوں کی حقوق غصب کرنے کا باعث ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت کو فہرست میں پانچویں نمبر پر خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 839415

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839415/اسلام-ا-باد-دنیا-کے-محفوظ-شہروں-میں-شامل-بھارت-رہنے-کیلئے-خطرناک-ترین-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org