0
Sunday 19 Jan 2020 19:56

ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مدد کے معاملے پر گیند امریکا کی کورٹ میں پھینک دی ہے، شاہ محمود قریشی

ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مدد کے معاملے پر گیند امریکا کی کورٹ میں پھینک دی ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا بتائے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے پاکستان کی تسلی اور مدد کے لیے کیا کرے گا؟۔ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مدد کے معاملے پر گیند امریکا کی کورٹ میں پھینک دی ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت سے سوال کیا ہے کہ چین کے شہر بیجنگ میں  ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس میں امریکا کی کیا حکمت عملی ہوگی؟ اور امریکا بیجنگ اجلاس کے حوالے سے کیا اقدامات کرے گا؟، جس سے پاکستان کی تسلی اور مدد ہوسکے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال ستمبر میں عمران خان سے ملاقات میں کہا تھا کہ پاکستان کی مدد کرنی چاہیے لہٰذا ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بیجنگ میں ہونے والا آئندہ اجلاس پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پر حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی کو پچھلے 10 سال کی کارکردگی سے موازنہ کرلیں، اگر آپ موازنہ کریں گے تو اندازہ ہوگا کہ ہم نے کتنی سنجیدگی سے ایف اے ٹی ایف کے مطالبات پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف پر کافی اقدمات کیے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ 3 روزہ مذاکرات 21 جنوری سے شروع ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد مذاکرات میں شرکت کیلئے چین پہنچ گیا ہے، وفد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، کسٹمز، اسٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) وزرات خارجہ اور وزرات داخلہ کے حکام شامل ہیں۔ بیجنگ میں 21 سے 23 جنوری کو ہونے والے مذکرات براہ راست ہوں گے، جس میں پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کریں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 839446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش