QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

19 Jan 2020 22:44

محمود خان نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ کنزیومر کمیٹیوں کے اجلاس فوری اور باقاعدگی سے بلائیں تاکہ آٹا اور دوسری روز مرہ کے استعمال کی اشیاء کے نرخوں پر کنٹرول کیا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبہ بھر کی صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء خاص کر آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ و ہ صوبے کے تمام علاقوں میں اپنی ٹیمین بھیج کر ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھر پور کارروائی کریں۔ محمود خان نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ کنزیومر کمیٹیوں کے اجلاس فوری اور باقاعدگی سے بلائیں تاکہ آٹا اور دوسری روز مرہ کے استعمال کی اشیاء کے نرخوں پر کنٹرول کیا جا سکے۔ تمام ماریکٹس سے متعلق مجموعی رپورٹس اور قیمتوں میں استحکام سے متعلق معلومات پی ایم آر یو کو بھیجیں تاکہ وہ اس بارے میں رپورٹس وزیراعلیٰ کو بھیج سکیں۔ واضح رہے کہ ان تمام معاملات کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان خود مانیٹر کریں گے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ محمود خان نے نانبائیوں کو مخصوص ڈیلروں کے ذریعے کم نرخ پر آٹا فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی 15 روپے کرنے کا مطالبہ کیا جسے حکومت نے مسترد کردیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ وہ کسی صورت عوام پر بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے فائن آٹے کی ترسیل پر پابندی ہٹا دی ہے، اس لئے روٹی کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نان بائیوں کو کنٹرول ریٹ پر فائن آٹا دینے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب فائن آٹے سمیت تمام طرح کا آٹا مارکیٹ میں دستیاب ہے تو پھر قیمت کیوں بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نانبائی ایسوسی ایشن نے پہلے بھی حکومت سے تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا تاہم توقع ہے کہ نان بائی بھی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 839471

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839471/وزیراعلی-خیبر-پختونخوا-کی-ذخیرہ-اندوزوں-اور-مصنوعی-قلت-پیدا-کرنیوالوں-کیخلاف-کارروائی-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org